ایجوکیشن اتھارٹی کے خلاف کل پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا،اللہ بخش قیصر
لاہور(خبرنگار) پنجاب ٹیچرز سپریم کونسل کے مرکزی رہنما اللہ بخش قیصر نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے خلاف 24 جنوری کو پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ گزشتہ روز ’’پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے نفاذ سے تعلیمی نظام میں سیاسی مداخلت بڑھ جائے گی۔ اس نظام کے تحت ہر ضلع میں ضلعی سطح پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کی تعیناتی محکمہ تعلیم میں سیاسی لوگوں کی مداخلت ہو گی اس سے محکمہ تعلیم کے ضلعی سربراہ اور افسران کے اختیارات ایک قسم کے ختم ہو کر رہ جائیں گے اور اس کے ساتھ اساتذہ اور سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز تعلیم و تدریس کی بجائے سیاسی لوگوں کے خوف و ہراس سے دوچار رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے نظام کو واپس لیں اور محکمہ تعلیم میں پہلے سے جاری تعلیمی نظام کو بحال کریں۔ اس سے درس و تدریس کا سلسلہ کامیاب ہو گا اور سکولوں میں انرولمنٹ بڑھے گی اور پیک اور میٹرک و سیکنڈری کے امتحانات کے نتائج میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس فیصلے کو واپس نہ لیا تو 24 جنوری کو پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائیگا، جس میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں اساتذہ میں آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے اور پنجاب اسمبلی کے سامنے دئیے جانے والے اس دھرنے میں ایک لاکھ سے زائد اساتذہ کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے ممبر شپ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جس میں لاہور اور دیگر اضلاع کے اساتذہ کی ضلعی و تحصیل سمیت ریجنل یونین رہنماؤں کو ٹاسک دیا گیا ہے۔