پارہ چنار میں دہشت گردی کی کاروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں
لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے پارہ چنار میں دہشت گردی کی کاروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی اس گھناؤنی واردات نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے قومی‘ سیاسی‘ عسکری قیادتیں اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے حکومت اس سانحہ عظیم کے بعد روایتی الفاظ دہرانے کی بجائے نیشنل ایکشن پلان کو موثر انداز میں نافذ کرے۔ حکومت کی ساری مشینری شریف خاندان کو پاناما سے بچانے میں لگی ہوئی ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں پارہ چنار کی دہشت گردی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے پیچھے بھرپور منصوبہ بندی کی گئی ہے اور بیرونی ہاتھ ملوث ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پروگرام پر ابھی تک اسکی روح کے مطابق عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت تشکیل دی گئی خصوصی فوجی عدالتیں تو اپنی میعاد پوری ہونے کے باعث ختم ہوچکی ہیں مگر دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور سرپرستوں تک کی سرکوبی اور انتہاء پسند تنظیموں کی بیرونی فنڈنگ کی سکروٹنی کرنے سے متعلق شقیں ابھی تک عملدرآمد کی منتظر ہی نظر آتی ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت محض زبانی جمع خرچ کی نہیں‘ عملیت پسندی اور مشترکہ عملی اقدامات کرے جس میں اب کسی پس و پیش کا مظاہرہ نہیں ہونا چاہیے۔