کل بھی پنجاب پیپلز پارٹی کا قلعہ تھا اور آج بھی ثابت ہوا ہے، میاں ایوب
لاہور(نمائندہ خصوصی )سابق مشیر وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میاں محمد ایوب نے کہا ہے کہ جس وقت سے ہمارے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کی سر زمین پر قدم رکھا ہے اس وقت سے ہی پیپلز پارٹی کے مخالفین کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں پیپلز پارٹی کے مخالفین جتنا مرضی جھوٹ بول لیں اور شور مچا لیں وہ عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے کل بھی پنجاب پیپلز پارٹی کا قلعہ تھا اور آج بھی پیپلز پارٹی کا مضبوط قلعہ ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب میں جو پذیرائی ملی ہے اس سے آئندہ کے عام الیکشن میں جیالوں کی کامیابی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے موجودہ حکمرانوں کو اس کا علم ہونا چاہئے کہ پیپلز پارٹی جب احتجاجی تحریک کے لئے میدان میں نکل پڑتی ہے تو پھرا س تحریک کے نتیجے میں حکمرانو ں کا جانا ٹھہر جاتا ہے حکمران اپنا بوریا بستر گول کرلیں اب ا ن کی رخصتی کا وقت آ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پاکستانی عوام کو غربت،بے روزگاری اور مہنگائی جیسے تحفے دیئے ہیں ایک طرف عالمی ادارے پاکستانی معیشت کو بہتراورپاکستان اسٹاک ایکسچینج مارکیٹ میں چین اور بھارت کوپیچھے چھوڑنے کے دعوے کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب قرضوں کے بوجھ تلے دباہر پاکستانی شخص ایک لاکھ چوبیس ہزار روپے کامقروض ہوچکا ہے۔