پانامہ کیس آگے بڑھنے سے حکمرانوں کے چہروں کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں،جمشید چیمہ

پانامہ کیس آگے بڑھنے سے حکمرانوں کے چہروں کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں،جمشید چیمہ

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماجمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پانامہ کیس آگے بڑھنے سے حکمرانوں اور ان کے دفاع پر مامور وزراء کے چہروں کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں،وہ دن دور نہیں جلدکرپشن کے ناسور کی آبیاری کرنے والے احتساب کے کٹہرے میں ہوں گے ،2018ء میں کون سر خرو اور کس کا محاسبہ ہوگا یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قصور جلسے میں شرکت کیلئے روانہ ہونے والے کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔جمشید چیمہ نے کہا کہ اگر حکمرانوں کا دامن صاف ہوتا تو خود کو احتساب کے لئے پیش کرنے کی بجائے مزاحمت نہ کی جاتی اور اب واضح ہو گیا ہے کہ بہت کچھ چھپایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں اور انشا اللہ وہاں سے حق اور سچ کا فیصلہ آئے گا اور ایک نئی تاریخ لکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ذاتی مفادات کیلئے نہیں بلکہ ملک و قوم کے مستقبل کے لئے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں۔موجودہ حالات میں عوا م ہر سیاسی جماعت کے کردار پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور وقت آنے پر اپنے ووٹ کی طاقت سے احتساب کریں گے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1