ملک کی ترقی و خوشحالی کے کاموں میں اقلیتی برادری کا کردار نمایاں ہے،اقبال چنڑ

ملک کی ترقی و خوشحالی کے کاموں میں اقلیتی برادری کا کردار نمایاں ہے،اقبال ...

لاہور(خبرنگار) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے کاموں میں اقلیتی برادری کا کردار نمایاں ہے۔ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ وہ آج کینال کالونی میں ہندو برادری کے غریب، مستحق ، معذور اور بے سہارا افراد کو ہولی پیکیج کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ہولی پیکیج کے تحت حکومت پنجاب کی جانب سے بہاول پور ضلع کے 73غریب ہندو افراد میں مجموعی طور پر3 لاکھ65ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی ، مےئرمیونسپل کارپوریشن عقیل نجم ہاشمی، ڈپٹی مےئر ملک منیر اقبال چنڑ، چےئرمین یونین کونسل بلال بلوچ، ملک رب نواز، میر خلیل الرحمن، مقبول جوئیہ، اسد رسول، اقلیتی ممبر میونسپل کارپوریشن سردار طفیل جھاجھوٹ، ہندو برادری کے افراد اور سیاسی ، سماجی کارکنان موجود تھے۔صوبائی وزیر امداد باہمی نے کہا کہ پاکستان کا جھنڈا سبز اور سفید رنگ پر مشتمل ہے جس میں سفید رنگ اقلیتی برادری کی ترجمانی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری ملک کی ترقی و خوشحالی کے کاموں میں برسر پیکار ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی ممبر سردار طفیل جھاجھوٹ مسلم لیگ (ن) کا سرمایہ ہیں۔ وہ خلوص اور محنت سے اپنی خدمت سرانجام دے رہے ہیں۔مےئرمیونسپل کارپوریشن عقیل نجم ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ہندو برادری کے غریب افراد کو ہولی پیکیج دیا گیا ہے بے حد خوش آئند امر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری ترقی و خوشحالی اور ملک کے استحکام کے لیے بھرپور انداز میں کام کررہی ہے۔ڈپٹی مےئر ملک منیر اقبال چنڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب ہندو افراد کے لیے ہولی پیکیج کا اجراء حکومت کا احسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری اپنی تقاریب میں تمام مذاہب کو مدعو کریں تاکہ معاشرہ میں بین المذاہب ہم آہنگی اور اتحاد و اتفاق کی فضا قائم ہو۔بعدازاں غریب ہندو افراد میں صوبائی وزیر محمد اقبال چنڑ، فوزیہ ایوب قریشی، ڈپٹی مےئر ملک منیر اقبال چنڑ، چےئرمین یونین کونسل بلال بلوچ اور دیگر افراد نے ہولی پیکیج کے چیک تقسیم کیے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1