کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ہر شہر میں عوامی عدالتیں لگائیں گے،حامد رضا

کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ہر شہر میں عوامی عدالتیں لگائیں گے،حامد رضا

لاہور(نمائندہ خصوصی ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ہر شہر میں عوامی عدالتیں لگائیں گے۔ فرقہ واریت کی بنیاد پر پارہ چنار مسلسل دہشتگردی کا نشانہ بنا ہوا ہے۔ حکومت غفلت کی وجہ سے فرقہ پرست کالعدم تنظیمیں آزادانہ کام کررہی ہیں۔ القاعدہ ، داعش اور طالبان کی دہشتگردانہ کاروائیوں سے کفر کو فائدہ اور امت مسلمہ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ سیاست کو کرپٹ کرنے کا ذمہ دار نواز شریف ہے۔ 63,62پر عمل ہوا تو نواز شریف گھر جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں سنّی اتحاد کونسل پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن نہ ہونے کی وجہ سے آپریشن ضربِ عضب ادھورا ہے۔ پاکستان کی تمام ناکامیوں کے ذمّہ دار بار بار اقتدار میں آنے والے سدا بہار حکمران خاندان ہیں۔ ملک میں جمہوریت کے نام پر مداریوں کا کھیل تماشا جاری ہے۔ ہمارا سیاسی نظام نا جائز دولت کے سہارے پر کھڑا ہے۔ دولت مند طبقے نے سیاسی نظام کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ کرپٹ نظام دیانتدار قیادت فراہم نہیں کرسکتا۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ قومی اثاثے رہن رکھ کر حاصل کئے گئے قرضے عوام نہیں حکّام پر خرچ ہوتے ہیں۔ پاکستان میں منصفانہ او ر عادلانہ نظام رائج کرنے کیلئے دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے۔ پاناما کیس میں شکست شریف خاندان کا مقدر بنے گی۔ گلے سڑے کرپشن زدہ نظام کی اصلاح کیلئے اصطلاحات کی ضرورت ہے۔ نیوز لیکس کے معاملے پر مٹی ڈالو پالیسی اختیار کر لی گئی ہے۔ پاک فوج کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کاروائی نہ ہو نا افسوسناک ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1