اتوار بازاروں میں صفائی ، معیار اور ناپ تول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،بلال یاسین

اتوار بازاروں میں صفائی ، معیار اور ناپ تول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے ...

لاہور( خبرنگار) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاہے کہ اتوار بازاروں میں صفائی ،تازہ سبزیوں او رپھلوں کی فروخت ، معیار اور ناپ تول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اتوار بازاروں میں مقررہ نرخوں پر معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے گزشتہ روز شادمان،گلشن راوی اور وحدت کالونی کے آتواربازاروں میں اچانک دورہ کرتے ہوئے اشیاء کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔ انھوں نے گلشن راوی بازار میں ناپ تول میں کمی کرنے پر سٹالز مالکان کو گرفتار جبکہ خراب ٹماٹر کی ٖفروخت پر متعددسٹالز بند کر وا دئیے۔ اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ ان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنا ر ہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے وژن کے عین مطابق حکومت پنجاب نے عام آدمی کو معیاری اور کم نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام اضلاع میں اتوار بازار قائم کر رکھے ہیں۔وحدت کالونی آتوار بازار میں شہریوں کی شکایت پر ٹاون انتظامیہ کو سبزیوں کے سٹالز بڑھانے کی ہدایات جاری کیں۔انھوں نے شادمان بازار میں اشیاء پر درج کی گئی ایکسپائری ڈیٹس کا بھی معائنہ کیا۔بلال یاسین نے مچھلی کی قیمتوں اور معیار کا بھی جائزہ لیا اور موسمی پھلوں ،سبزیوں ،مچھلی او ر برائلر کی قیمتوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کو لاہور کے مختلف ٹاؤنز میں قائم اتوار بازاروں میں اشیاء کے معیاراو رناپ تول کا خصوصی جائزہ لینے کی ہدایت جاری کی۔وزیرخوراک نے لوگوں سے اشیاء کے معیار، قیمتوں، بازار میں فراہم کی گئی سہولتوں اور ٹاؤن انتظامیہ کے رویہ کے بارے میں گاہکوں اور عام شہریوں سے دریافت کیا۔انہوں نے تمام اتوار بازاروں میں آٹے کے تھیلوں کے وزن اورنمی کی موجودگی کو جانچنے کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1