لبنان ٗ سیکورٹی اداروں نے دہشت گردی کی خطرناک سازش ناکام بنادی

لبنان ٗ سیکورٹی اداروں نے دہشت گردی کی خطرناک سازش ناکام بنادی

بیروت ( اے این این ) لبنان میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بیروت کے وسط میں ایک مصروف شاہراہ پر دہشت گردی کی خطرناک سازش ناکام بنادی ٗ پولیس اہلکاروں نے مشتبہ خودکش بمبار کو گولیاں مارکرزخمی کردیا ٗ حملہ آور کوسٹاہوٹل میں داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا ٗ قبضے سے خودکش جیکٹ برآمد ٗ تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ لبنانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی شام شاہراہ الحمرا پرواقع کوسٹا ہوٹل میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ایک مشتبہ خود کش بمبار کو پولیس نے گولیاں مار کر زخمی کیا جسے بعد ازاں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق انٹیلی جنس ڈاریکٹوریٹ اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ایک مشکوک شخص کی پر ہجوم ہوٹل کے قریب موجودگی پر کارروائی کی گئی تو ایک مقامی شدت پسند کو ہوٹل میں داخل ہونے سے قبل ہی گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا گیا۔نیو ٹیلی ویژن ویب سائیٹ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے ایک مشتبہ حملہ آور ہو شاہراہ الحمرا پر واقع ایک ہوٹل میں داخل ہونے سے روکا مگر اس نے آگے بڑھنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے مشتبہ شخص کو گولی مار دی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مبینہ شدت پسند نے خود کش جیکٹ پہن رکھی تھی اور وہ ایک بڑے ہوٹل کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہا تھا مگر پولیس نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردی کی خطرناک سازش ناکام بنا دی۔اخبار النہار کے مطابق مشتبہ شخص کو کوسٹا ہوٹل میں داخل ہونے اور خود کش جیکٹ سے دھماکہ کرنے سے قبل گولیاں مار کر زخمی کر دیا گیا تھا۔ زخمی ہونے کے باعث وہ خود کش حملہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردی کی سازش ناکام بنانے پر ملٹری انٹیلی جنس اور دیگر اداروں کو مبارک باد پیش کی ہے۔

بعد ازاں وزیر داخلہ نہاد المشنوق نے بھی دہشت گردی کی سازش ناکام بنائے جانے کی تصدیق کی تھی۔

مزید : عالمی منظر