کوٹ لکھپت شالیمار ، 22سالہ نوجوان آتشزدگی ، 35سالہ خاتون اندھی گولی سے جاں بحق

کوٹ لکھپت شالیمار ، 22سالہ نوجوان آتشزدگی ، 35سالہ خاتون اندھی گولی سے جاں بحق

 لاہور(وقائع نگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں دوحادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ کوٹ لکھپت کے علاقہ میں 22سالہ نوجوان کمرے میں آگ لگنے کی وجہ سے جاں بحق ہو گیا جبکہ شالیمار کے علاقہ میں 35سالہ خاتون اندھی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئی ،پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا۔پولیس کے مطابق 22سالہ احسن رات گئے اپنے گھر کے کمرے میں ہیٹر لگا کر سو رہا تھا کہ اچانک ہیٹر سے کمرے میں آ گ بھڑک اٹھی اور اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے احسن شدید زخمی ہو گیا ۔اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال میں منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔پولیس نے متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں منتقل کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔دوسرا واقعہ شا لیمار کے علاقہ میں پیش آیا جہاں35 سالہ خاتون اندھی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئی ۔پولیس کے مطابق ایمن آباد کی رہائشی 35سالہ رخسانہ بی بی اپنے رشتہ داروں کے گھر شادی کی تقریب میں آئی ہوئی تھی ۔ وہ گزشتہ روزات کو باغبانپورہ بازار میں شاپنگ کر رہی تھی کہ نا معلوم سمت سے آنے والی اندھی گولی کا شکار ہوکر شدید زخمی ہو گئی ۔اس کو قریبی ہسپتال میں منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی ۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے متوفیہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا اور کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

مزید : علاقائی