مختلف مقامات پر احتجاج ، ٹریفک پولیس نے ٹریفک کی روانی کو متاثر نہیں ہونے دیا

مختلف مقامات پر احتجاج ، ٹریفک پولیس نے ٹریفک کی روانی کو متاثر نہیں ہونے دیا

 لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین نے کہا ہے کہ ٹریفک افسران نے شملہ پہاڑی پر احتجاج‘ مال روڈ پر واسا کی پائپ لائن پھٹنے اور چوبچہ پھاٹک بند ہونے کے موقع پر ٹریفک کی روانی کو متاثر ہونے سے بچایا اور ٹریفک بہاؤ کو یقینی بنایا۔تفصیلات کے مطابق اطلاع ملی کہ 40سے 50مظاہرین شملہ پہاڑی پر پاراچنار بم دھماکہ کی مذمت کرنے کیلئے احتجاج کررہے ہیں جس کے باعث سڑک کی ایک لائن بند کرکے دو طرفہ ٹریفک کو چلایا گیا اور موقع پر DSPفلائنگ سکواڈ وقار خان اور 10اضافی ٹریفک وارڈنز نے موقع پر جا کرفرائض سرانجام دئے۔اسی طرح مال روڈ پر اچانک واسا پائپ لائن پھٹنے کی اطلاع ملنے پر ایس پی سٹی آصف صدیق،ڈی ایس پی انارکلی طارق اور 5اضافی ٹریفک وارڈنز نے موقع پر پائپ لائن کی مرمت کی مکمل نگرانی کی اور مرمت کے دوران ٹریفک بہاؤ کوایک منٹ کیلئے بھی متاثرنہ ہونے دیا۔اسی طرح چوبچہ پھاٹک پر انجن خراب ہونے کی وجہ سے ٹریفک دباؤ کی اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی کینٹ شہزاد خان ‘ڈی ایس پی مغلپورہ ضیاء اللہ اور 5اضافی وارڈنز کو فوری طور پر بھیجا گیاجہاں انجن مرمت کے بعد ہٹاکر سڑک کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین نے مزید کہا ہے کہ جہاں کہیں بھی ٹریفک کے دباؤ کی اطلاع ملتی ہے وہاں فوری طور پر افسران و اہلکاروں کو بھیجا جاتا ہے تاکہ ٹریفک روانی متاثر نہ ہو۔سٹی ٹریفک پولیس لاہور شہریوں کو ہر صورت بہترین سفری سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہے۔

مزید : علاقائی