مذہب ، زبان اور فرقے سے بالا تر ، ہم پاکستانی ہیں : جنرل باجوہ

مذہب ، زبان اور فرقے سے بالا تر ، ہم پاکستانی ہیں : جنرل باجوہ

پاراچنار،راولپنڈی(آئی این پی،اے این این)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام کی حمایت ا ور قربانیاں قابل تعریف ہیں ،قبائلیوں کی مدد سے فوج ، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے علاقے میں امن واستحکام کیلئے بہت اچھا کام کیا ہے دہشت گرد ا سے سبوثاژ کرنے میں ناکام ہونگے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے ادارے کام کر رہے ہیں۔ مذہب ، صوبائیت، زبان اور فرقے کے امتیاز سے بالاتر ہو کر ہم سب پاکستانی ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارا چنار ، کرم ایجنسی اور پشاور کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو پارا چنار دھماکے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایجنسی ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔آرمی چیف نے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔پارہ چنار دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام کی حمایت ا ور قربانیاں قابل تعریف ہیں ۔انھوں نے کہاکہ قبائلیوں کی مدد سے فوج ، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے علاقے میں امن واستحکام کیلئے بہت اچھا کام کیا ہے دہشت گرد ا سے سبوثاژ کرنے میں ناکام ہونگے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے کام کر رہے ہیں۔آرمی چیف نے لوگوں کے مطالبے پر یکساں تعلیم کیلئے پارا چنار میں آرمی پبلک سکول کے قیام کا بھی اعلان کیا۔قبائلی عمائدین نے اپنے دکھ میں شریک ہونے اور آرمی پبلک سکول کے قیام کے اعلان پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور امن واستحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔بعد ازں جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی ایم ایچ پشاور کا بھی دورہ کیا اورپار ہ چنار دھماکے میں شدید زخمی ہونے والوں کی عیادت کی جنھیں آرمی ہیلی کاپٹر اور گاڑیوں کی مدد سے منتقل کیا گیا تھا۔اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پارہ چنار پہنچنے پر کو ر کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے استقبال کیا۔

مزید : صفحہ اول