پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کیلئے1124نرسیں بھرتی کرنے کا فیصلہ

پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کیلئے1124نرسیں بھرتی کرنے کا فیصلہ

لاہور(خبرنگار) صوبہ پنجاب کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اورتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں بیڈز اور نرسیز کا تناسب بہتر بنانے کیلئے 1124نرسیز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مذکورہ ہسپتالوں کیلئے 342فارماسسٹس بھی بھرتی کیے جا رہے ہیں-یہ بھرتیاں صوبہ کے 25 DHQاور 15 THQہسپتالوں کی ری ویمپنگ پروگرام کا حصہ ہے جو رواں سال مکمل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیرنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اورتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں رواں سال پبلک اینڈ پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت CTScanمشینیں بھی فراہم کی جارہی ہیں-خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ نرسوں اور فارماسسٹس کی آسامیوں کیلئے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں اور فارماسسٹں کی آسامیوں کیلئے مردو خواتین دونوں درخواستیں دے سکتے ہیں جو 25فروری تک وصول کی جائیں گی- بھرتی کیلئے تحریری امتحان NTSکے تحت ہونگے-سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان نے بتایا کہ نرسوں اور فارماسسٹس کی بھرتی کیلئے اخبارات میں اشتہاردے دیاگیا ہے- ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کیلئے 993اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کیلئے 131نرسیں بھرتی کی جائیں گی اسی طرح ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں فارماسسٹس کی آسامیاں بلترتیب 303اور 39ہیں-علی جان خان کا کہنا تھا کہ خالی آسامیوں پر درخواستیں دینے کیلئے فارم NTSکی ویب سائٹ اور اشتہارمحکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی ویب سائٹ سے downloadکیے جاسکتے ہیں-سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے کہا کہ یہ تقرریاں ہسپتال کی سطح پر ہونگی اور امیدوار جس ہسپتال کی پوسٹ کیلئے درخواست دینے کے خواہش مند ہونگے اس ہسپتال کا نام درخواست فارم میں واضح طور پر تحریر کرنا ہوگا-انہوں نے کہا کہ نئی بھرتیوں سے ہسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری آئیگی اور مریضوں کیلئے سہولیات میں بھی اضافہ ہوگا-

مزید : صفحہ آخر