گوجرہ، کار تیز رفتار ٹرین کی لپیٹ میں آگئی، خاتون اور بچے سمیت 6افراد جاں بحق

گوجرہ، کار تیز رفتار ٹرین کی لپیٹ میں آگئی، خاتون اور بچے سمیت 6افراد جاں بحق

گوجرہ (اے این این)ریلوے کا کھلا پھاٹک مزید 6 جانیں لے گیا ،گوجرہ میں میں ریلوے پھاٹک پر کار تیز رفتار ٹرین کی زد میں آنے سے 6افراد جاں بحق ہوگئے، حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں ریسکیو اہلکاروں نے میتوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ،ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت کا سلسلہ رک گیا ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے 48گھنٹوں میں حادثے کی رپورٹ طلب کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل گوجرہ کے قریب چک 93 ج ب میں کار کھلے پھاٹک سے گزر رہی تھی کہ راولپنڈی سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کی زد میں آگئی ۔ حادثے میں کار سوار خاتون اور بچے سمیت 6افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔حادثے کے بعد ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدروفت کا سلسلہ رک گیا جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق کھلا پھاٹک حادثے کی وجہ بنا ۔ جاں بحق افراد کا تعلق سرگودھا کے علاقے سلانوالی سے تھا اور وہ اپنے رشتے داروں سے ملنے گوجرہ جارہے تھے ۔ وزیر ریلوے نے حادثے سے متعلق 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ واقعہ کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے ریلوے ٹریک بند کر کے نعرے بازی کی ،مظاہرین نے کہاکہ جب تک وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اس جگہ پر پھاٹک نہیں لگواتے احتجاج جاری رہے گا اور ٹریک نہیں کھولا جائے گا ۔

مزید : صفحہ آخر