لائنوں کی مرمت کے نام پر لوڈ شیڈنگ طول پکڑ گئی، شہری سراپا احتجاج

لائنوں کی مرمت کے نام پر لوڈ شیڈنگ طول پکڑ گئی، شہری سراپا احتجاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( خبرنگار) گیس کی بندش کے ساتھ ساتھ بجلی کی لوشیڈنگ نے بھی شہریوں کو ایک نئی مشکلات سے دوچار کر کے رکھ دیا ہے۔ لاہورکے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کے خلاف شہری سراپااحتجاج بنے رہے ۔ لیسکو نے مختلف علاقوں میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں اور گھریلو سپلائی لائنوں کو مرمت کے نام پر 8 سے 10 گھنٹے بجلی کی سپلائی کو معطل رکھا ہے۔ جس کے باعث شہری بجلی کی سہولت سے محروم رہے ہیں۔ اس میں پی ڈبلیو آرگرڈ اسٹیشن کو اپ گریڈ کرنے کے لئے گزشتہ روز لیسکو حکام نے اس گرڈ اسٹیشن سے ملحقہ آبادیوں مزنگ، قرطبہ چوک، میکلوڈ روڈ، گڑھی شاہو، ریلوے اسٹیشن ، جی او آر ، زمان پارک سمیت ایک درجن سے زائد علاقوں میں گزشتہ صبح سے ہی بجلی کی سپلائی کو معطل کر دیا جبکہ اس کے ساتھ شمالی لاہور کے متعدد علاقوں، باغبانپورہ، غازی آباد، دروغہ والا، شالیمار، گجر پورہ سمیت ارد گرد علاقوں میں ٹرانسمیشن لائنوں اور بجلی کی پرانی تاروں کو تبدیل کرنے کے نام پر بجلی کی سپلائی کو معطل کیے رکھا جس پر شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس حوالے سے شہریوں کا کہنا تھا کہ ایک طرف گیس نہیں آ رہی ہے تو دوسری طرف موسم سرما میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ سردیوں میں بجلی کی بندش سمجھ سے بالاتر ہے۔ دوسری جانب چیف ایگزیکٹو لیسکو واجد علی کاظمی نے پی ڈبلیو آرگرڈ اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس حوالے سے انہوں نے ’’پاکستان‘‘کو بتایا کہ پی ڈبلیو آر گرڈاسٹیشن کو بندکر کے اس کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے۔ اس سے موسم گرما میں ہونے والی ٹرپنگ کا خاتمہ ہو سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گرڈ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن سے مزنگ، اچھرہ، قرطبہ چوک ،زمان پارک،ریلوے اسٹیشن ، ڈیوس روڈ ، جی او آر، گنگا رام سمیت اردگرد علاقوں میں بجلی کے سسٹم میں بہتری آئے گی جبکہ اس کے ساتھ قرطبہ چوک ، سنی ویو اور میکلوڈ روڈ کے گرڈ اسٹیشنوں کوریلیف ملے گا۔اس سے بجلی کے ترسیلی نظام میں مزید بہتری آئے گی۔اس موقع پر لیسکو چیف نے گرڈ اسٹیشن کے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے والے لائن سٹاف کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں 5،5 ہزار روپے نقد انعام سے بھی نوازا۔
لوڈشیڈنگ

مزید :

صفحہ آخر -