پاکستان سمیت40ممالک کے 5085مشتبہ افراد زیر حراست ہیں،سعودی عرب

پاکستان سمیت40ممالک کے 5085مشتبہ افراد زیر حراست ہیں،سعودی عرب

ریاض(اے این این) سعودی عرب میں حکام کے مطابق ملک میں حالیہ چند برسوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں 40 ممالک کے شہری ملوث ہیں۔سعودی گزٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے تواصل پورٹل(شعبہ مواصلات)کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی پانچ انٹیلی جنس جیلوں میں 5085مشتبہ افراد زیر حراست ہیں۔زیرحراست مشتبہ افراد میں 68 پاکستانی بھی شامل ہیں۔ تاہم حکام کی جانب سے ان پر کس نوعیت کے مقدمات ہیں یا انھیں کس جرم کے شبہ میں زیرحراست رکھا گیا اس کی وضاحت نہیں کی گئی۔سعودی حکام کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تین امریکی شہری اور فرانس، بیلجیم اور کینیڈا کا ایک ایک شہری بھی زیرحراست ہیں۔ان میں سے کچھ مشتبہ افراد خصوصی جرائم کی عدالت کی جانب سے اپیلیں مسترد ہونے کے بعد قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جبکہ کچھ کے مقدمات زیرسماعت ہیں۔اس کے علاوہ دیگر افراد سے بیورو آف انویسٹی گیشن اور پبلک پراسیکیوشن تفتیش کر رہی ہے۔بیان کے مطابق انٹیلی جنس جیلوں میں سب سے زیادہ سعودی شہری زیرحراست ہیں جن کی تعداد 4254ہے۔اس کے بعد 282 یمنی اور 218شامی شہری گرفتار ہیں۔عرب ممالک میں 57مصری، 29 سوڈانی، 21فلسطینی، 7 صومالی، 5 عراقی،3 لبنانی، 2مراکشی، 19اردنی، 2 موریطانوی، 2 اماراتی، 10 بحرینی،2 قطری اور لیبیا اور الجزائر سے ایک ایک شہری زیر حراست ہیں۔زیر حراست مشتبہ افراد میں ایک چینی، 3 فلپائنی، 19بھارتی، 68پاکستانی، 6 ایرانی، 7 افغانی، 4 ترک، 4 بنگلہ دیشی اور ایک کرغزستانی باشندہ شامل ہے۔افریقی ممالک میں چاڈ سے 17، ایتھوپیا سے تین، نائجیریا سے4، مالی سے2 اور انگولا، برکینا فاسو اور جنوبی افریقہ سے ایک ایک شہری شامل ہیں۔خیال رہے تواصل کے ذریعے یہ افراد اپنی خاندان اور رشتے داروں سے آڈیو وژول رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول