میٹرو منصوبہ افتتاح کے انتظامات حتمی مرحلے میں داخل، خیر مقدمی بینرز آویزاں

میٹرو منصوبہ افتتاح کے انتظامات حتمی مرحلے میں داخل، خیر مقدمی بینرز آویزاں

ملتان ، شجاع آباد(سٹاف رپورٹر، سپیشل رپورٹر،نمائندہ خصوصی) میٹرو ملتان منصوبے کے افتتاح کے سلسلے میں انتظامات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے شہر بھر میں بینرز ، سٹیمر آویزاں میٹرو سٹیشنز پر ٹکٹ مشین نصب کرنے کا کام مکمل کرلیا گیا۔ پی ایچ اے نے افتتاح کے مقام کو پھلولوں سے لاد دیا، چیف سیکرٹری کا روٹ، سٹیشنز جناح آڈیٹوریم کا دورہ انتظامات کا جائزہ لیا زکریا یونیورسٹی کو سیل کرنے کا فیصلہ خواتین اساتذہ کو بھی یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت کرنے کا حکم دیدیا گیا تفصیل کے مطابق میٹرو بس پروجیکٹ کے افتتاح کیلئے شہر بھر میں جگہ جگہ بینرز اورسٹیمر لگا دیئے گئے ہیں۔ ایم ڈی اے ، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ سمیت تمام صوبائی ادارے انتظامات کی تیاریوں میں مصروف ہیں ، شہر بھر میں الیکٹرک پولز پر سٹیمر لگائے جارہے ہیں ملتان کے داخلی روستوں پر بھی میٹروبس پروجیکٹ کے بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں مصروف شاہراہوں اور چوکوں پر خصوصی بینرز اور جھنڈیا لگانے کا کام جاری ہے میٹرو ٹریک کو روشن رکھا جارہا ہے جبکہ چونگی نمبر 9پر افتتاحی تختی نصب کرنے کا کام جاری ہے۔ دریں اثناء وزیر اعظم نواز شریف کی کل24جنوری کو ملتان میں میٹرو بس سروس کے افتتاح کے سلسلے میں زکریا یونیورسٹی میں انتظامات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں ‘ یونیورسٹی کو سیل کر نے کافیصلہ کیا گیا ہے ‘بتایا گیا ہے کہ جناح آڈیٹوریم میں تقریب کے لئے انتظامات تیزی سے جاری ہیں ‘ یونیورسٹی کے الیکٹریشن لائٹنگ اور مالی و بیلدار گراؤنڈزو راستوں کو خو بصورت بنانے کے کام میں مصروف ہیں ‘اس کے علاوہ سکیورٹی گارڈز کو بھی تیاری کرائی جا رہی ہے یونیورسٹی ہاسٹلز کو بھی سیل کر نے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے‘وزیر اعظم کے دورے کے سلسلے میں آئی جی پنجاب بھی ملتان میں موجود ہیں ‘ گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب نے یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا‘ تا ہم دوسری جانب اس بارے میں زکریا یونیورسٹی کے ریذیڈنٹ آفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر نے بتایا کہ یہ میٹرو بس پراجیکٹ کی تقریب ہے جس کا انتظام ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کر رہی ہے لیکن اس کا انعقاد زکریا یونیورسٹی میں ہوگا اس لئے یونیورسٹی انتظامیہ بھی اپنے طور بھر پور اقدامات کر رہی ہے ‘ تاہم انہوں نے بتایا کہ اس روز یونیورسٹی معمول کے مطابق کھلی رہے گی ‘ شٹل بسیں بھی چلیں گی ‘اس تقریب کی سکیورٹی کے انتظامات وزیر اعظم کی خصوصی سکیورٹی ٹیم سنبھالے گی تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کے گارڈز بھی ڈیوٹی دیں گے۔علاوہ ازیں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی طرف سے میٹرو بس اسیٹشنز پر ٹکٹ مشین نصب کر نے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کو تمام ضروری آلات سے لیس کر دیا گیا ہے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طرف سے ملتان میٹرو بس سسٹم کے افتتاح کے دو گھنٹے بعد بس سروس شہریوں کیلئے دستیاب ہو گی۔جس کے نتیجہ میں شہری جد ید بس سروس کی سہولیات سے استعفادہ حاصل کر سکیں گے ۔دوسری جانبملتان میٹرو بس منصوبہ کے افتتاح کے سلسلہ میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچرکے شعبہ ہارٹیکلچر کی گزشترہ روز اتوار کی چھٹی منسوخ کرد ی گئی تھی اس موقع پر پی ایچ اے نے افتتاح کے مقام پر میٹرو بس اسٹیشن چونگی نمبر۹کے سیٹنگ ایریا کو پھولوں سے لاد دیا ہے جن میں میری گولڈ، کیج فلاور،گنیل ڈولا کے پھول دار پودے شامل ہیں ۔توقع ہے کہ آج مزید 2ہزار پھولدار پودے لگائے جائیں گے۔اس مقام پر خوبصورت پلانٹر بھی رکھے گئے ہیں ۔بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میٹرو بس اسٹیشن کی سجاوٹ بھی جاری ہے ۔اس اسٹیشن پر وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کے قافلے میں شامل وزیر اعلی ، گورنر پنجاب اور غیر ملکی سفیروں کو کمشنر ملتان ڈویژن کی طرف سے میٹرو بس پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ تزئین و آرائش کیلئے میٹرو بس روٹ پر لگائے گئے بجلی کے پولز پر قومی پرچم سے مشابہہ سبز اور سفید سپرل لائٹس لگائی جا رہی ہیں اور اسٹیشنز کے اندر اور باہر سرخ رنگ کے کپڑوں کے رنرز لگائے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ر) زاہدسعید نے گزشتہ روز میٹرو بس روٹ ،اسٹیشنز اور جناح آڈیٹوریم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔کمشنر ملتان ڈویژن کیپٹن(ر) اسد اللہ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں چیف سیکرٹری نے سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی جس میں ممبران اسمبلی کے علاوہ آر پی او سلطان اعظم تیموری ،ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ، سی پی او احسن یونس ،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے الطاف حسین ساریو، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے رانا رضوان قدیر ، ٹیکنیکل ایڈوائزر میٹرو بس پراجیکٹ صابر خان سدوزئی اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان کے دورہ ملتان کے شیڈول کا جائزہ لیا گیا اور انتظامات کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔بعدازاں چیف سیکرٹری پنجاب واپس لاہور روانہ ہوگئے۔محکمہ تعلیم کے حکام نے خواتین اساتذہ کو کل24جنوری کو وزیر اعظم نواز شریف کی زکریا یونیورسٹی میں آمد کے موقع پر شرکت کرنے کا حکم دے دیا ‘ مختلف گرلز سکولز سے معلمات کو پابند کرکے ان کے فارم پر کئے جا رہے ہیں ‘ ان کو سکیورٹی پاس جاری کئے جائیں گے ‘ کسی سکول سے 10‘کسی سکول سے15اور کسی سکول سے 20یا اس سے زائد معلمات کی ڈیوٹی لگائی جارہی ہے ‘ ان کو ہدایت کی گئی ہے کہ تقریب میں خاموش بیٹھنا ہے ‘ معلمات پہلے صبح گورنمنٹ مون لائٹ گرلز ہائی سکول میں جمع ہونگی ‘وہاں سے وہ زکریا یونیورسٹی جائیں گی ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف کے 24جنوری کو ملتان میں میٹرو بس سروس کے افتتاح کے موقع محکمہ تعلیم کے حکام نے مختلف سکولز کے سربراہان کو حکم دیا ہے کہ وہ طلبا وطالبات کو تیاری کرائیں جو وزیر اعظم کا استقبال کریں گے ۔شجاع آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا ملتان میں میٹرو بس کا 24جنوری کو افتتاح محکمہ تعلیم نے سینکڑوں مرد اور خواتین اساتذہ کرام کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے ذرائع سے معلوم ہوا کہ اساتذہ کرام کو زبانی کلامی طور پر اطلاع دے دی گئی ہے کہ وہ چوبیس جنوری کو افتتاحی تقریب میں شرکت کو یقینی بنائیں۔

مزید : ملتان صفحہ آخر