باچا خان اور عبد الولی خان مرحوم کی برسی کے سلسلے میں کارکنان نے امن ریلی نکالی
تخت بھائی(نامہ نگار) پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام باچا خان اور عبد الولی خان مرحوم کی برسی کے سلسلے میں کارکنان نے امن ریلی نکالی جسکا مقصد طلباء کو باچہ خان اور خان عبد الولی خان کی خدمات اور سیاسی زندگی سے آگاہ کرنا تھا۔ ریلی کی قیادت پی ایس ایف ضلع مردان کے چیئرمین خالد خان اور جنرل سیکرٹری وقاص خان نے کی جبکہ ریلی میں اے این پی تخت بھائی کالج کے صدر نعمان مہمند، جنرل سیکرٹری ابرار مہمند، سابقہ صدر نصیب گل و سابقہ جنرل سیکرٹری امجد مہمند نے بھی شرکت کی ۔ امن ریلی تخت بھائی کالج سے شروع ہو کر ملاکنڈ روڈ پر اختتام پذیر ہو گئی ۔اس موقع پر امن ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے خالد خان، وقاص خان،نعمان مہمند اور نصیب گل وغیرہ نے کہا کہ باچا خان برصغیر پاک و ہند کے عظیم سیاسی رہنماء تھے جنہوں نے خطے کے مسلمانوں اور پختون قوم کو فرنگی سامراج سے آزادی دلانے کے لیے بیش بہا قربانیاں دیں جبکہ خان عبد الولی خان نے ملک میں جمہوریت کے فروغ و استحکام کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی اور پارلیمنٹ کے اندر و باہر پختون قوم کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایف کے کارکنان دونوں رہنماؤں کی برسی میں بھر پور شرکت کرینگے۔