پہلا ٹی 20شاہین پھر ہا گئے ، کیویز 7وکٹوں سے فتحیاب

پہلا ٹی 20شاہین پھر ہا گئے ، کیویز 7وکٹوں سے فتحیاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ویلنگٹن(نیٹ نیوز) نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی شکستوں کا سلسلہ تھم نہ سکا ۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی گرین شرٹس کا شکست کا سامنا، بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے سبب نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی ۔پیر کوپہلے ٹی20 میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ایک موقع پر قومی ٹیم 38 رنز پر چھ کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی اور جب 53 کے سکور پر فہیم اشرف کی شکل میں ساتویں وکٹ گری تو ایسا محسوس ہونے لگا کہ شاید قومی ٹیم ٹی20 میں اپنے سب سے کم اسکور 74 رنز کا ریکارڈ توڑ ڈالے گی تاہم حسن علی نے چند ہاتھ دکھا کر ٹیم کو اس خفت سے بچا لیا۔ بابر اعظم نے محتاط انداز میں 41 گیندوں پر 41 رنز بنائے جبکہ حسن علی نے جارحانہ3 چھکوں کی مدد سے 23 رنز سکور کیے۔کپتان سرفراز احمد اور حارث سہیل نے 9،9 جبکہ محمد نواز اور فہیم اشرف 7،7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی پوری ٹیم 20ویں اوور کی چوتھی گیند پر 105 پر ڈھیر ہو گئی۔ ٹم ساتھی اور سیتھ رینز نے تین تین، مچل سینٹنر نے 2 جبکہ انارو کچن اور کولن منرو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو رومان رئیس نے مارٹن گپٹل اور فلپس کو جلد پویلین لوٹا کر میزبان ٹیم کو آٹھ رنز پر دو وکٹوں سے محروم کر کے پاکستان کو میچ میں واپسی کا موقع فراہم کیا لیکن ناقص فیلڈنگ نے قومی ٹیم سے یہ موقع چھین لیا۔کولن منرو اور ٹم بروس نے اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا اور جلد ہی پاکستان کو منرو کو آؤٹ کرنے کا موقع میسر آیا لیکن عمر امین کیچ تھامنے میں ناکام رہے ۔بروس اور منرو نے دوسری وکٹ کیلئے 49 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا، بروس 26 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔منرو نے 49 اور روس ٹیلر نے 22 رنز بنائے۔