پارٹنر سکولوں کی اساتذہ اور طالبات کی حفاظت سکول انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ، طارق محمود
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سکولوں میں زیر تعلیم طالبات اور خواتین اساتذہ بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ پارٹنرز سکولوں میں موجود تمام طالبعلموں کو محفوظ اور مناسب ماحول میں معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کرنا پیف کی ترجیحات میں شامل ہے اس کے ساتھ ساتھ پارٹنر سکولوں میں موجود خواتین اساتذہ اور طالبات کی حفاظت سکول انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے ۔ اس سلسلے میں یہ بات مینیجنگ ڈائریکٹر طارق محمود نے پیف ویب سائٹ کے لئے جاری کردہ ایک مراسلہ میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ طالبعلموں کوگاہے بگاہے اُن کے تحفظ کے بارے میں آگاہی دیں اور بچوں کو خبر دار کریں کہ وہ کسی اجنبی شخص پر اعتماد نہ کریں۔
اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ سکول اوقات میں اور خاص طور پر بریک میں کوئی طالبعلم سکول سے باہر نہ جا ئے ۔ سکول میں وزٹ کرنے والے ہر شخص کے شناختی کارڈ اور موبائل نمبر کا اندراج کیا جائے ۔ ایم ڈی پیف نے پارٹنر سکولوں کو ہدایت کی کہ مین گیٹ پر گارڈز لازمی موجود ہونے چاہیے اور سکول کے ارد گرد سی سی ٹی وی کیمرہ سے گردونواح میں مسلسل نگرانی کریں کہ کوئی مشکوک شخص تو وہا ں موجود نہیں ہے ۔ طلبا وطالبات کے والدین /سرپرستوں کو بچوں کے Pick & Dropاور ممکنہ حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے ۔ سکول میں لڑکیوں اور خواتین اساتذہ کے لیے بیت الخلاء کا الگ انتظام ہونا چاہیے اور خراب دروازوں کی مرمت کروائیں اور اندر کی جانب لاک لگوائیں۔