خیبرپختونخوا اسمبلی، تحریک انصاف کے زرگل کی پارلیمنٹ پر لعنت، اپوزیشن سراپا احتجاج

خیبرپختونخوا اسمبلی، تحریک انصاف کے زرگل کی پارلیمنٹ پر لعنت، اپوزیشن ...

پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوااسمبلی میں کپتان کے نقش قدم پرعمل درآمد کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی نے زرگل نے بھی پارلیمنٹ پرلعنت بھیج دیا اورکہا کہ جو پارلیمنٹ نااہل شخص کو اہل قرار دے ،ختم نبوت کے قانون کوتبدیل کرے اس پر لعنت ہی بھیجنی چاہئے جس کے بعد اپوزیشن اراکین نے ایوان میں سپیکرکے ڈیسک کاگھیراؤکرتے ہوئے تحریک انصاف کے خلاف شدیدنعرہ بازی کی۔صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر سرداراورنگزیب نلہوٹھانے نکتہ اعتراض پر کہاکہ عمران خان نے پارلیمنٹ پر لعنت بھیج کر20کروڑعوام کی نماندوں کی توہین کی ہے یہاں پر پورے ملک کیلئے قانون بنائے جاتے ہیں لیکن عمران خان اس کوبے توقیرکررہے ہیں تینوں صوبائی اورقومی اسمبلی میں عمران خان کے اس بیان کی مذمتی قراردادمنظورکی جاچکی ہے اس لئے صوبائی اسمبلی میں بھی اس متعلق قراردادپیش کرنے کی اجازت دی جائے ۔سپیکرکے کہنے پر کوہستان سے منتخب وزیراعلیٰ کے دست راست زرگل نے کہاکہ جوایوان نااہل شخص کو عوامی عہدوں کیلئے اہل قراردے جوختم نبوت کے قانون کو منظورکرے جوآئین کے بنیادی حقوق سے روگردانی کرے ایسے ایوان پر لعنت ہی بھیجنی چاہئے اورہم بھی لعنت بھیجتے ہیں۔ پی ٹی آئی رکن کی تقریر پر ایوان مچھلی منڈی میں تبدیل ہوگیا مسلم لیگ ن ،جے یوآئی،پیپلزپارٹی اور قومی وطن پارٹی کے اراکین اسمبلی تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کے خلاف بولنے لگے، اپوزیشن اراکین نے سپیکرکے ڈیسک کاگھیراؤکیا اورعمران خان سمیت صوبائی اسمبلی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر جے یوآئی کے محمودبیٹنی نے کہاکہ اس ایوان میں بیٹھ کر اسی ایوان پر جولعنت بھیجتے ہیں اس کی مثال ایسی ہے کہ جس تھالی میں کھائے اسی میں چھید کرے۔ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں کان پڑی آوازسنائی نہیں دے رہی تھی سپیکر نے بعدازاں ایوان کے متعلق زرگل کے الفاظ کو کارروائی سے حذف کیا جس کے بعدسپیکر نے اجلاس کو بارہ فروری تک کیلئے ملتوی کردیا۔

مزید : صفحہ آخر