پاکستان اور بھارت کشمیر کو جنگ کا اکھاڑہ نہیں دوستی کا پل بنائیں: محبوبہ مفتی

پاکستان اور بھارت کشمیر کو جنگ کا اکھاڑہ نہیں دوستی کا پل بنائیں: محبوبہ مفتی

سرینگر(آئی این پی ) مقبوضہ کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تناؤ سے ریاست کے لوگ متاثر ہوتے ہیں، دونوں ممالک سے اپیل کی کہ کشمیر کو جنگ کا اکھاڑہ نہیں دوستی کا پل بنائیں، ریاستی سرحدوں پر خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے،سرحدی آبادی کو انتہائی تکلیف دہ صورتحال کا سامنا ہے،جموں و کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعہ کا باعث بن گئی ہے۔ محبوبہ مفتی نے پولیس ٹریننگ سینٹر شیری بارہمولہ سے تربیت پانے والے پولیس ریکروٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی تقریر میں کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان موجودہ تناو کی وجہ سے ریاست کے لوگ متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستان سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کو جنگ کا اکھاڑہ نہ بنائیں بلکہ اس کو آپسی دوستی کا پل بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں پورا ملک ترقی کررہا ہے نریندر مودی بار بار ترقی کی بات کررہے ہیں۔ سب کے لئے ترقی، بیٹی بچاو بیٹی پڑھاو کا نعرہ بلند کرتے ہیں۔ لیکن وہیں ہماری ریاست میں کچھ اور ہورہا ہے۔ ہماری ریاست میں سرحدوں کے نزدیک رہائش پذیر لوگ بنکروں کی تعمیر کا مطالبہ کررہے ہیں۔ وہ اپنے گھر چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں اور ہمارے سکول بند پڑے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر