نئی امریکی دفاعی حکمت عملی کا اعلان ، تمام توجہ روس اور چین پر مرکوز: جیمز میٹس

نئی امریکی دفاعی حکمت عملی کا اعلان ، تمام توجہ روس اور چین پر مرکوز: جیمز ...

واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی وزیردفاع جیمز میٹس نے نئی قومی دفاعی حکمت عملی کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر توجہ دہشتگردی کے بجائے روس اور چین پر مرکوز ہوگی،دنیا بھر میں لاحق بیشتر خطرات پر بھی نظر رکھنا ہوگی،نئی پالیسی میں بڑی طاقتوں کے درمیان دوبارہ شروع ہونیوالی رقابت سے نمٹنے پر زور دیا گیا ہے۔واشنگٹن کی جان ہاپکنز یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ یہ محض دفاعی حکمت عملی نہیں بلکہ امریکی حکمت عملی بھی ہے۔ امریکا کو روس اور چین کی جانب سے بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف مہم جاری رہے گی تاہم نئی دفاعی حکمت عملی کا اہم نکتہ چین اور روس پر نظر رکھنا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ روس اور چین اپنے خیالات و اقدار کی حامل دنیا قائم کرنا چاہتے ہیں جس کے ذریعے یہ دوسرے ممالک کی معیشت، سفارتی اور سیکیورٹی فیصلوں پر اثر انداز ہوسکیں۔

مزید : صفحہ آخر