شعراء کی زبان اور ادب کی ترقی میں کلیدی کردار ہے ،سلمان لودھی ڈی سی

شعراء کی زبان اور ادب کی ترقی میں کلیدی کردار ہے ،سلمان لودھی ڈی سی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بٹ خیلہ(بیورورپورٹ) شعراء ادباء کسی بھی زبان اورادب کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ لائبریریوں کی اہمیت اور ضرورت سے کسی بھی صورت انکار ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر مالاکنڈ سلمان خان لودھی نے تھانہ کی ادبی تنظیم تانڑہ ادبی ٹولنہ کے زیر اہتمام تقریب حلف برداری اور اُردو پشتومحفل مشاعرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مہمان خصوصی نے تنظیم کے نومنتخب کابینے سے حلف لیا۔ تقریب میں مقامی شعراء کے علاوہ مالاکنڈ، دیر ، اور سوات کے شعراء نے بھی شرکت کی۔ اور اردو پشتو کلام پڑھ کر سنایا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی مالاکنڈ نے پبلک لائبریری کے لئے ایک لائبریرین کی فراہمی، پبلک لائبریری کے تین سال کے کرائے پیشگی دینے۔ اور مالاکنڈ کی مختلف فعال ادبی تنظیموں پر مشتمل ایک مشترکہ ادبی تنظیم ( مالاکنڈ لیٹریری سوسائٹی) کے قیام کی منظوری کا اعلان کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بہت جلد تھانہ میں ضلعی حکومت کی مالی تعاون سے ایک بڑے اُردو پشتو محفل مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس میں صوبہ بھر کے چوٹی کے شعراء شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ کے لوگ انتہائی مہمان نواز، تعلیم یافتہ ، باشعور اور امن پسند ہیں۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ تھانہ سمیت ب ضلع مالاکنڈ کے مختلف بڑے بڑے علاقو ں میں لائبریریاں بنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کتاب دوست لوگ ان سے فائدہ اُٹھائیں۔ انہوں نے شعراء سے علاقے میں قیام امن اور لوگوں کو مثبت سرگرمیاں فراہم کرنے کی اپیل کی۔ تقریب سے ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر علی رضا شاہ، تنظیم کے صدر زرنوش شہاب، چیئر مین پشتو ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی آف مالاکنڈ پروفیسر ڈاکٹر علی خیل دریاب ، پروفیسر اقبال شاکر۔ جنرل سیکرٹری فضل سبحان ساجد اور دیگر مقریرین نے بھی خطاب کیا۔