متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے ایک نشان پر الیکشن لڑیں گے، اکرم درانی

متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے ایک نشان پر الیکشن لڑیں گے، اکرم درانی

ڈیرہ غازیخان(آن لائن) متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے ایک ہی نشان پر الیکشن لڑیں گے، خیبر پختوانخواہ کی موجودہ حکومت کا تبدیلی کا نعرہ عوام کی نظروں میں بے معنی ہے ایسی تبدیلی سے عوام تنگ آچکے، خیبر پختونخواہ میں متحدہ مجلس عمل کی انتخابی جیت اصل تبدیلی ہوگی ، عام انتخابات اورسینٹ کے الیکشن مقررہ وقت پر ہونگے ۔بین الاقوامی اور ملکی حالات میں جمہوریت ہی واحد راستہ ہے۔ پنجاب میں پختونوں کے حقوق کا خیال رکھا جائے ۔نقیب اللہ محسودکے قاتلوں کو انجام تک پہنچایاجائے،چیف جسٹس کا ازخود نوٹس قابل تحسین ہے ۔ختم نبوت مسئلہ پر ن لیگ سے سنگین غلطی ہوئی اصل حقائق سامنے لائے جائیں،ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہئے ۔ان خیالا ت کا اظہار وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس و متحدہ مجلس عمل کے مرکزی راہنما اکرم خان درانی نے ڈیرہ غازیخان میں گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالسلام ناصر کی رہائش گاہ پر ان کے بھائی حافظ محمد امین ضلعی جنرل سیکرٹری جے یوآئی ،مرکزی راہنما محمد سلیم ناصر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اکرم خان درانی نے کہا متحدہ مجلس عمل 2018ء کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی کیونکہ ہر حلقے میں جماعت اسلامی اور جے یوآئی فضل الرحمن کا ووٹ بنک موجود ہے، جس علاقے میں جس جماعت کی اکثریت ہو گی سیٹ اسے ملے گی ۔سندھ اور خیبر پختون خواہ میں پختونو ں کا استحصال ہو رہاہے، نقیب اﷲ مسعود کے قتل کی مذمت کرتے ہیں حقائق منظر عام پر لائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں جس علاقے سے تیل اور گیس کے ذخائر ملے یا بجلی کے پروجیکٹ بنے ہم نے اس علاقے کوترقی دینے کے لئے دس فیصد اس کے اوپر لگایا ،یہ فارمولہ دوسرے صوبوں پر بھی لاگو کیا جائے ۔انہوں نے کہا ہمیں بلوچستان میں وزیراعلیٰ ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی آفر ہوئی تھی لیکن محمد خان اچکزئی ،عبدالقدوس خان بزنجو کی وجہ سے ایسا نہ ہوا اور ہم نے اپوزیشن میں بیٹھنا پسند کیاجبکہ مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعلی ثناء اللہ زہری کا ساتھ نہ دیا ۔

مزید : کراچی صفحہ اول