شاہ رکن عالم کے 704 ویں عرس کی تقریبات کاآج آغاز

شاہ رکن عالم کے 704 ویں عرس کی تقریبات کاآج آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان(سپیشل رپورٹر)سلسلہ سہروردیہ کے روحانی پیشوا، شیخ الاسلام حضرت شاہ رکن الدین عالم سہروردیؒ کے 704 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات آج 23جنوری سے ملتان میں شروع ہو رہی ہیں۔ تقریبات کا انعقاد آج صبح 10 بجے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی تقریب غسل سے کریں گے۔ بعد ازاں محکمہ اوقاف پنجاب اور پاکستان زکریا اکیڈمی کے اشتراک سے سالانہ قومی کانفرنس کی پہلی نشست سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کی صدارت میں منعقد ہوگی۔ تقریب سے سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی اور سابق ممبر اسلامی نظریاتی کونسل مفتی غلام مصطفیٰ رضوی خطاب کریں گے۔ عرس کے دوسرے روز 24 جنوری کو درگاہ حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ جبکہ 25 جنوری کو اختتامی تقریبات میں خواجہ نصر المحمود تونسوی اور امیر جماعت اہل سنت پاکستان علامہ سید مظہر سعید کاظمی مہمانان خصوصی ہوں گے۔ سہ روزہ تقریبات میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض پاکستان زکریا اکیڈمی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری انجام دیں گے۔ عرس کیسلسلہ میں محکمہ اوقاف نے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ درگاہ پر چراغاں کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بھی سکیورٹی کے فرائض سنبھال لئے ہیں۔ عرس کے سلسلہ میں محکمہ اوقاف کے علاوہ ضلعی انتظامیہ،محکمہ تعلیم، واپڈا، ریلوے، محکمہ صحت، سول ڈیفنس، نشتر ہسپتال، ریسکیو 1122 اور دیگر مختلف محکموں نے خصوصی انتظامات مکمل کر دیئے ہیں۔ عرس کے موقع پر سکیورٹی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جبکہ ٹریفک پولیس نے ملک بھر سے آنے والے زائرین کے لیے ٹریفک پلان ترتیب دے دیا ہے۔ علاوہ ازیں عرس میں شرکت کے لئے ملک بھر بالخصوص سندھ سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ رات گئے مزارات پر حاضری کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ اوقاف ملتان کی جانب سے دربار عالیہ حضرت شاہ رکن الدین عالم ؒ قلعہ کہنہ قاسم باغ سے ملحقہ 13 سے زائد تعلیمی اداروں میں زائرین کے قیام و طعام کے سلسلے میں انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی عرس کے سلسلے میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ٹریفک انتظامیہ کی جانب سے بھی ٹریفک نظام کی بحالی کے سلسلے میں ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں میونسپل کارپویشن، واسا، سالڈ ویسٹ، میپکو، ریسکیو، فائر بریگیڈ، سول ڈیفنس سمیت دیگر محکموں کی جانب سے کیمپ لگائے جائیں گے۔ دریں اثناء گزشتہ شب پولیس افسران نے درگاہ پر سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ ضلعی پولیس کے مطابق آج سے تین روز کے قلعہ کہنہ قاسم باغ کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے۔ محکمہ اوقاف کی جانب سے کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے زونل آفس میں مانیٹرنگ روم بھی بنا دیا گیا ہے جہاں کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے چوبیس گھنٹے نگرانی کی جائے گی۔ عرس کے انتطامات کے لئے مختلف اوقاف اہلکاروں کی کمیٹیاں بنا کر ڈیوٹیاں سونپ دی گئی ہیں۔ دریں اثناء عرس کے موقع پر کیش بکسوں کی نگرانی کے لئے ہیڈ آفس سے ٹیم ملتان پہنچ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عرس کے ایام میں ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔
عرس تقریبات