راﺅ انوار کی بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی گئی
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایف آئی اے نے سابق ایس ایس پی ملیر کراچی راﺅ انوار کی بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی ۔
ذرائع کے مطابق نقیب اللہ قتل کیس میں مطلوب سابق ایس ایس پی راﺅ انوار کی راولپنڈی کے بینظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ راﺅ انوار نے پیر اور منگل کی درمیانی شب نجی ایئر لائن کی پرواز 615 کے ذریعے دبئی فرار ہونا چاہتے تھے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ راﺅ انوار رات کو 2 بجے ایئر پورٹ پر آئے اور طیارے میں سوار ہوگئے تاہم سپیشل برانچ کی نشاندہی پر انہیں طیارے سے آف لوڈ کردیا گیا ۔ راﺅ انوار کو گرفتار نہیں کیا گیا جس کے باعث وہ واپس اسلام آباد چلے گئے۔
دوسری جانب ایف آئی اے حکام کاکہنا ہے کہ راؤ انوار نے اپنی سفری دستاویزات ایک ساتھی کے ذریعے ایئر پورٹ بھجوائیں، دستاویزات میں 20 جنوری کو جاری کیا گیا سندھ حکومت کا این او سی بھی شامل تھا تاہم راؤ انوار کے این او سی پر شک کے باعث انہیں باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔