الاسکا میں 8 اعشاریہ 2 شدت کا زلزلہ، امریکہ کی مغربی کوسٹ اوربرطانوی کولمبیا میں سونامی کی وارننگ
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست الاسکا میں آنے والے 8 اعشاریہ 2 شدت کے شدید زلزلے کے بعد ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی مغربی کوسٹ اور کینیڈا کے علاقے برطانوی کولمبیا میں سونامی طوفان کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ ریاست الاسکا میں لوگوں کو اونچائی والے علاقوں کی طرف ہجرت کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
امریکی وقت کے مطابق منگل کی صبح 9 بج کر 31 منٹ پر ریاست الاسکا 8 اعشاریہ شدت کے زلزلے سے لرز اٹھی۔ زلزلے کا مرکز الاسکا کے شہر چنیاک سے 256 کلومیٹر دور تھا اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر زیر زمین تھی۔ شدید زلزلے کے بعد ریاست الاسکا اور کینیڈا کے علاقے برطانوی کولمبیا میں سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے جبکہ لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اونچے مقامات کی طرف منتقل ہوجائیں۔
انچارج ایمرجنسی مینجمنٹ نے لوگوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ لوگ ساحلی علاقوں کے مکین ہیں تو اونچی زمینوں کی طرف چلے جائیں کیونکہ سونامی وارننگ کا مطلب ہے کہ سونامی آنے والا ہے یا ہوسکتا ہے کہ سمندر میں اس کا آغاز ہوچکا ہے۔ علاوہ ازیں ریاست ہوائی میں بھی سونامی کی نگرانی شروع کردی گئی ہے۔ دوسری جانب جاپان نے بھی سونامی کی نگرانی شروع کردی ہے لیکن تاحال سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی ۔
پیسفک سونامی وارننگ سنٹر کے مطابق سونامی کے حوالے سے دستیاب ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد یہ بات یقین کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ 8 اعشاریہ 2 شدت کے زلزلے کے بعد سمندر میں سونامی پیدا ہوچکا ہے جو نہ صرف ساحلی علاقوں کیلئے تباہ کن ہوگا بلکہ اپنے مرکز سے بہت دور تک تباہی پھیلا سکتا ہے۔