’اگر مجھے یہ کام کرتے دیکھو فوری مجھے گولی مار دینا‘ فلپائن کے صدر نے اپنی ہی فوج کو ایسا حکم دے دیا جو پاکستانی حکمران کبھی تصور بھی نہیں کرسکتے
منیلا(مانیٹرنگ ڈیسک) فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹرٹے امریکہ سمیت کئی ممالک کے سربراہوں کو مغلظات سے نوازنے کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں لیکن اب انہوں نے اپنی فوج اور پولیس کو ایک ایسا حکم دے دیا ہے جس کا پاکستانی حکمران کبھی تصور بھی نہیں کر سکتے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق روڈریگو نے اپنے ملک کی فوج اور پولیس کو حکم دیا ہے کہ ”اگر تم کبھی مجھے ’آمر‘ بنتا دیکھو تو فوراً مجھے گولی مار دینا۔ یہ تمہاری ڈیوٹی ہے۔“
ایک فوجی اڈے کے دورے کے دوران روڈریگو نے فوج کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ”میں آپ لوگوں سے مذاق نہیں کر رہا۔ اگر آپ دیکھو کہ میں اپنی حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد بھی اقتدار میں رہنے کی کوشش کر رہا ہوں اور آمر بننا چاہتا ہوں تو مجھے گولی مار دینا۔میں پولیس کو بھی یہی ہدایت کرتا ہوں۔ ملک کے آئین کا تحفظ کرنا اور اس میں تبدیلی نہ ہونے دینا آپ لوگوں کا فرض ہے۔“