خیسور واقعے پر حکومتی خاموشی، اے این پی نے توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا

خیسور واقعے پر حکومتی خاموشی، اے این پی نے توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور ( سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی نے خیسور واقعے پر حکومتی نمائندوں کی خاموشی کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا ہے جس میں سپیکر کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی ہے کہ خیسور واقعہ ناقابل برداشت ہے اور حکومت کو چپ کا روزہ توڑ کر اس واقعے کا نوٹس لینا چاہئے، توجہ دلاؤ نوٹس اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے جمع کرایا اور اس میں مزید کہا گیا ہے کہ خیسور میں ایک معصوم بچے کی فریاد پر حکومتی نمائنددں کی خاموشی اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ افسوسناک اور تکلیف دہ ہے، انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کی زندگیاں آپریشنز کی وجہ سے پہلے ہی تباہ حال ہیں جن پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاہم اس کے برعکس اس طرح کے واقعات احساس محرومی میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں، سردار حسین بابک نے کہا کہ جان و مال کے بڑے پیمانے پر نقصان کے باوجود عزت نفس مجروح کرنا اور چادر وچاردیواری کے تقدس کی پامالی ناقابل برداشت ہے،صوبائی حکومت کی طرف سے اس واقعے پر خاموشی قبائلی عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر اس واقعے کی تحقیقات کرنی چاہئے اور ذمہ داروں کو کڑی سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں کسی کو اس قسم کی ناقابل برداشت حرکت کی جرات نہ ہو۔