اپٹیک سے فارغ التحصیل طلبا سافٹ ویئر ہاؤس قائم کریں ،کوکب اقبال

اپٹیک سے فارغ التحصیل طلبا سافٹ ویئر ہاؤس قائم کریں ،کوکب اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر پاکستان میں معاشی ترقی کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ اہمیت کا حامل ہے۔ اپٹیک سے فارغ التحصیل طلبا سافٹ ویئر ہاؤس قائم کریں اور یورپین ممالک میں سافٹ ویئر ایکسپورٹ کرکے ملک کے لیے زر مبادلہ لائیں تاکہ ملک کو آئی ایم ایف سے قرضے لینے سے نجات حاصل ہوسکے۔ یہ بات کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، سافٹ ویئر و کمپیوٹر سائنس کے معروف انسٹیٹیوٹ اپٹیک کے سالانہ تقسیمِ اسناد کے موقع پر بحریہ آڈیٹوریم کراچی میں بحیثیت مہمانِ اعزازی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت پوری دُنیا نے گلوبل ویلج کا روپ دھار لیا ہے ۔ ہزاروں میل بیٹھے ہوئے لوگ ایک دوسرے سے چند سیکنڈوں میں رابطہ کرلیتے ہیں۔ترقی پذیر ممالک سے لیکر ترقی یافتہ ممالک انفارمیشن ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاکر اپنے ممالک کی معاشی ترقی میں کردار ادا کررہے ہیں۔ بینکنگ، صحت، انجینئرنگ، دفاع، سیکورٹی، غرض ہر محکمے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت حیرت انگیز تبدیلی رُونما ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کموڈٹی کی ایکسپورٹ کے بجائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے آمدنی کے ذرائع بڑھنے چاہئیں جس طرح پڑوسی ممالک انڈیا کی سالانہ آمدنی جو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ہوئے اس کا حجم 160 بلین ڈالر ہے جبکہ اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کی سالانہ آمدنی جو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے حاصل ہوئی وہ صرف 1.67 بلین ڈالر ہے۔کوکب اقبال نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اقدامات کرے تو ہمارا ملک بآسانی آئی ایم ایف کے چنگل سے نکل کر ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپٹیک انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ایسا ادارہ ہے جس پر اس ادارے سے فارغ التحصیل طلبا کو فخر ہونا چاہئے ۔ اپٹیک کے طلبا دنیا کے بڑے ملکوں میں بڑی کامیابی سے نہ صرف کام کررہے ہیں بلکہ پاکستان کے لیے بھی زر مبادلہ کمانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے فارغ التحصیل طالبات سے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بدولت وہ گھر پر بیٹھے ہزاروں ڈالر کماسکتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے ملک میں کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔اس موقع پر اپٹیک کے سی ای او اقبال یوسف نے مہمانِ اعزازی کوکب اقبال چیئرمین کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کو یقین دلایا کہ ان کا ادارہ اپٹیک پاکستان کی معاشی خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔