پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ،اقتصادی راہداری منصوبے سے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی:احسن اقبال
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے، اقتصادی راہداری منصوبے سے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اورعوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ، بلوچستان انشاء اللہ جلد دوبارہ مسلم لیگ(ن) کا قلعہ ثابت ہوگا ۔
مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر و سابق وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور جمال شاہ کاکڑ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کے عوام کو اقتصادی راہداری منصوبے کا تحفہ دیا اور ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جسکی پاداش میں ہمارے قائدین کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات درج کرکے انہیں جیلوں میں قید کیا گیا ہے لیکن ہم ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے، اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کی راہیں کھلیں گی اور عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے عوام کی خدمت کی بجائے ان پر بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے زندگی تنگ کر دی ہے، منی بجٹ سے ملک میں مزید مہنگائی کا طوفان آئے گا ۔انہوں نے بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کو فعال بنانے کیلئے صوبائی صدر جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ ،صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ اوردیگر رہنماوں کی کوششوں کی تعریف کی۔