” جب اتنا زیادہ وقت جرائم کی خبروں کو دیں گے تو اس سے معاشرے پر کیا اثرات آئیں گے؟“ کون سا چینل روزانہ کتنے منٹ جرائم کی خبریں چلاتا ہے؟ فواد چوہدری نے حیرت انگیز اعدادو شمار جاری کردیے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے الیکٹرانک میڈیا پر جرائم پر مبنی خبروں کا دورانیہ شیئر کرتے ہوئے میڈیا کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کا کہا ہے۔
اپنے ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے یکم سے 22 جنوری تک کی نیوز چینلز کی نشریات کی ایک لسٹ شیئر کی ۔ اس لسٹ میں وہ دورانیہ دیا گیا ہے جس میں مختلف نیوز چینلز پر جرائم پر مبنی خبریں نشر کی گئیں۔ اس فہرست کے مطابق ان 22 دنوں کے دوران تمام ٹی وی چینلز نے 31 ہزار 680 منٹ کی نشریات پیش کیں۔ جرائم پر مبنی سب سے زیادہ خبریں سیون نیوز نے پیش کیں جس کا دورانیہ 2 ہزار 24 منٹ رہا جبکہ سب سے کم دورانیے کی جرائم پر مبنی خبریں نیوز ون نے چلائیں جس کا دورانیہ 704 منٹ رہا۔
اگر پاکستان کے ٹاپ 5 نیوز چینلز کا جائزہ لیا جائے تو جرائم پر مبنی سب سے زیادہ خبریں ایکسپریس نیوز نے چلائیں جس کا دورانیہ 1418 منٹ رہا۔ جیو نیوز نے 1264 منٹ ، اے آر وائی نیوز نے 1330 منٹ ، سماءٹی وی 1352 اور دنیا نیوز نے 1396 منٹ تک کرائم کی خبریں پیش کیں۔
فواد چوہدری نے فہرست شیئر کرتے ہوئے کہا ”جب آپ اتنا زیادہ وقت کرائم کی خبروں کو دیں گے تو اس سے معاشرے پر کیا اثرات آئیں گے؟ میری میڈیا سے اپیل ہے اس پالیسی پر نظرثانی کریں ، ہر خبر کا بریکنگ ہونا اہم نہیں ہوتا“۔