ملک کا اقتصادی مستقبل کراچی کی معاشی ترقی میں مضمر ہے:گورنر سندھ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پچھلے ادوار کے مقابلے میں آج کے نئے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری، سیاسی، سماجی، معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کے لئے بھرپور مواقع میسر ہیں،صوبہ سندھ باالخصوص شہر کراچی میں زندگی بھرپور طریقہ سے لوٹ آئی ہے، عوام کا حکومت پر اعتماد بحال ہونا خوش آئند امر ہے،صوبہ کے امن قائم کرنے میں رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں نے بے مثال قربانیاں دیں ،موجودہ حکومت اور عسکری قیادت پُر عزم ہے کہ ان قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق 48 ویں پاک نیوی اور 16 ویں کارسپانڈینس سٹاف کورس میں شرکت کرنے والے ملکی و غیر ملکی افسران کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہناتھا کہ ملکی دفاع، نظریات کی حفاظت اور نت نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جدید تربیت اہمیت کی حامل ہے، کراچی کی ملکی معیشت میں نمایاں حیثیت ہے اس ضمن میں شہر کی اصل خوبصورتی کی بحالی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے کراچی آئیڈیل شہر بن چکا ہے، ملک کا اقتصادی مستقبل کراچی کی معاشی ترقی میں مضمر ہے، وفاق کے زیرِ انتظام چلنے والے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے کراچی ٹرانسٖفارمیشن کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ کراچی کے انفرا اسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے مکمل کیا جاسکے،اس ضمن میں کراچی میں جاری گرین لائن منصوبہ عوام کو تیز ترین ذرائع آمدورفت، ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور معاشی و سماجی سرگرمیوں میں اضافہ میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ذرائع آمدورفت سمیت تعلیم، صحت، انفرا اسٹرکچر اور دیگر شعبوں کی بہتری پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کا معیار زندگی بلند کیا جاسکے،کراچی کی اصل خوبصورتی بحال کرنے کے لئے شہر میں موجود تاریخی عمارتوں کی تزئین و آرائش کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں، تاریخی عمارتوں کی اہمیت کو اُجاگر کرکے ہم شہر کے اصل کلچر کو دنیا کے سامنے روشناس کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی رونقیں واپس آنا شروع ہوگئی ہیں۔