ہماری سیاست کا مقصد اقتدار کا لالچ نہیں،27 جنوری کا ضمنی الیکشن کراچی کی سیاست میں نئی راہیں متعین کرے گا:مصطفی کمال
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہاکہ پی ایس پی کسی فرد یا گروہ کا نام نہیں ہے بلکہ ایک تحریک کا نام ہے جو مظلوم و محکوموں کے غضب شدہ حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیںِ، ہماری سیاست کا مقصد اقتدار کا لالچ نہیں، بلکہ عوام کی خدمت کرنا ہے ۔
لانڈھی میں پی ایس 94 کے مرکزی آفس میں الیکشن کے حوالے سے منعقد اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی جو روشنیوں کا شہر تھا آج کچرا کنڈی بن گیا ہے، ایسا کوئی علاقہ نہیں ہے جہاں کچرے کا ڈھیر نہ ہو ،کراچی کی آبادی 70 لاکھ کم کر دی گئی اس کے باوجود بھی کراچی کے حقوق کے لیے کوئی آواز اٹھانے والا نہیں ہے کیونکہ جن کو کراچی کے لوگوں نے چنا ہے وہ اقتدار کے مزے میں گم ہیں، ان کو عوام کی پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کا نمائندہ اور پی ایس پی کراچی کی آواز بنے گی اور کراچی کے ساتھ ہونے والی ہر نا انصافیوں کے خلاف آواز حق بلند کرتی رہے گی کیونکہ کراچی کے اصل وارث ابھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 جنوری کو ہونے والا ضمنی انتخابات کراچی کی سیاست میں نئی راہیں متعین کرے گا۔