بارش کے بعد سردی کے ڈیرے، پنجاب کے کئی شہروں نے دھند کی چادر اوڑھ لی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) گزشتہ 2 روز ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں نہ صرف سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا بلکہ دھند نے بھی ڈیرے ڈال لیے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے بعد پنجاب کے بیشتر شہروں نے دھند کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ جنوبی پنجاب میں دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ حد نگاہ بھی انتہائی کم رہ گئی ہے ۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اوکاڑہ، ساہیوال، میاں چنوں ، خانیوال، لودھراں، بہاولپور اور احمدپورشرقیہ میں شدید دھند چھا گئی ہے۔ دھند کے باعث ملتان تا خانیوال موٹروے پر حد نگاہ صرف 20 میٹر رہ گئی ہے جس کے باعث اسے ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ ترجمان موٹروے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔ سفر کیلئے گھر سے نکلنے سے پہلے موٹروے کی ہیلپ لائن یا ہم سفر ایپ سے معلومات حاصل کرلیں۔