جماعت اسلامی آج مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کریگی عوام سے بھرپورساتھ دینے کی اپیل

جماعت اسلامی آج مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کریگی عوام سے بھرپورساتھ ...

  



لاہور(سٹی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ جماعت اسلامی لاہور آٹا، چینی، بجلی و گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف آج شہر بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب لاہور میں امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری کے ہمراہ بڑھتی مہنگائی کے خلاف پریس کانفرنس کے بعد جماعت اسلامی کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ا س موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری، صدر جے آئی یوتھ وسطی پنجاب شاہد نوید ملک، ترجمان جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد فاروق چوہان و دیگر قائدین موجود تھے۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ شہریان لاہور موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کڑھنے کی بجائے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شریک ہوں اور جمعتہ المبارک کو شہر کے پانچوں علاقے شمالی، وسطی، شرقی، جنوبی اور غربی لاہور میں مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھر پور شرکت کریں۔ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کا راستے روکنے کے لیے شہر لاہور سمیت ملک بھر میں سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں مہنگائی کے خلاف عوامی تحریک چلائے گی اور عوام کو ان حالات سے نکالنے کیلئے اپنی بھر پور جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور دکھوں کا مداوا صرف اور صرف اسلامی نظام کے نفاذ میں موجود ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1 /رائے