سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کا دورہ کنگ ایڈورڈیونیورسٹی،پودا بھی لگایا

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کا دورہ کنگ ایڈورڈیونیورسٹی،پودا بھی لگایا

  



لاہور(پ ر) سیکرٹری سپیشلائزڈڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ انہوں نے سینئر ڈینز، ممبران اکیڈمک کونسل اور ہیڈآف ڈیپارٹمنٹ سے تبادلہ خیال کیا۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے یونیورسٹی میں جاری ریسرچ پروگرامز، بین الاقوامی الحاق اور یونیورسٹی کی قومی و بین الاقوامی خدمات پر بریفنگ دی۔مہمان خصوصی برسٹر نبیل احمد اعوان نے اکیڈمک کانسل کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی مادر علمی میں آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے اساتذہ اور اکیڈمک کونسل سے خطاب میرے لیے اعزاز کا باعث ہے۔ انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 160 سالہ تاریخی پٹیالہ بلاک کی تزئین و آرائش کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز ملکی اور بین الاقوامی سطح پر قابل قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں. انہوں نے وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل اور ممبران اکیڈمک کونسل کو مکمل حکومتی سرپرستی کی یقین دہانی کرائی۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے زیر تکمیل گرلز ہاسٹل اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے نیو کیمپس (مریدکے) کے فنڈز کے اجراء پر محکمہ صحت حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری سپیشلائیز ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن برسٹر نبیل احمد اعوان نے وزیراعظم کی ویڑن کے مطابق یونیورسٹی کیمپس میں پودا لگا کر گرین پاکستان کی مہم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر پرو وائس چانسلر کے ای ایم یو پروفیسر اعجاز حسین، رجسٹرار کے ای ایم یو پروفیسر ارشاد حسین قریشی، سینئر ڈینز،فیکلٹی ممبران بشمول پروفیسر ابرار اشرف علی، پروفیسر عائشہ شوکت، پروفیسر عائشہ ملک، پروفیسر صفدر خان، پروفیسر رانا ارشد سمیت اکیڈمک کانسل کے ممبران موجود تھے۔

دورہ

مزید : میٹروپولیٹن 1 /رائے