پنجاب حکومت کی لینجنڈگلوکار شوکت علی کیلئے تین لاکھ مالی امداد

پنجاب حکومت کی لینجنڈگلوکار شوکت علی کیلئے تین لاکھ مالی امداد

  



لاہور(فلم رپورٹر)پنجاب حکومت کی طرف سے معروف گلوکار شوکت علی کو تین لاکھ روپے کی امداد فراہم کردی گئی۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن محمد ندیم قریشی اور ڈپٹی سیکریٹری انفارمیشن اینڈ کلچر محمد سلیم ساگر نے شوکت علی کی رہائش گاہ پر تین لاکھ روپے کا چیک ان کے حوالے کیا شوکت علی کے صاحبزادے امیر شوکت علی،عمران شوکت علی اور انفارمیشن افسران نوید اختر اور صابر بخاری بھی موجود تھے۔ شوکت علی نے پنجاب حکومت کی طرف سے بھرپور سپورٹ پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور محمد ندیم قریشی کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر محمد ندیم قریشی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت آرٹسٹوں کی بھرپور مدد کر رہی ہے شوکت علی پاکستان کی آواز اور ان کی ملک و قوم کیلئے بے پناہ خدمات ہیں۔محمد ندیم قریشی نے کہا کہ کہ شوکت علی نے جنگوں اور امن میں قوم کو متحد کرنے اور ان میں وطن سے محبت کا جذبہ پروان چڑھانے میں کردار ادا کیا۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر کا کہنا تھا آرٹسٹ ملک کا اثاثہ ہیں،پنجاب حکومت شانہ بشانہ انکے ساتھ کھڑی ہے۔

محمد ندیم قریشی نے کہا کہ شوکت علی کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔اس موقع پر گلوکار شوکت علی کا کہنا تھا کہ شدید صحت کی خرابی کے بعد وہ اب صحت میں کافی بہتری محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت آرٹسٹوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔شوکت علی نے وزیر اعلی عثمان بزدار اور محمد ندیم قریشی کا مشکل کی گھڑی میں ساتھ دینے اور تعاون پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔شوکت علی نے کہا کہ دل سے ملک و قوم کی خدمت کی اور خوشی ہے کہ بزدار حکومت اور قوم بھی مشکل کی اس گھڑی میں میرے ساتھ کھڑے ہیں۔معروف گلوکار نے کہا کہ دعاوں اور نیک خواہشات پر حکومت اور قوم کا شکر گزار ہوں۔شوکت علی نے اس موقع پر زندگی کی سنہری یادیں شیئر کیں اور ناساز طبیعت کے باوجود اپنی پر سحر آواز کا جادو بھی جگایا اور حاضرین کو کلام پیش کرکے خوب داد سمیٹی۔ڈپٹی سیکریٹری انفارمیشن اینڈ کلچر محمد سلیم ساگر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر آرٹسٹوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور آرٹسٹوں کی خدمات کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

مزید : کلچر