بھارتی معیشت گرواٹ کا شکار، پاکستانی معاشی شرح نمو 2.4فیصد متوقع، آئی ایم ایف

بھارتی معیشت گرواٹ کا شکار، پاکستانی معاشی شرح نمو 2.4فیصد متوقع، آئی ایم ایف

  



واشنگٹن(آئی این پی) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف)نے بھارتی معاشی شرح نمو میں 1.3فیصد کمی، پاکستانی معاشی شرح 2.4فیصد متوقع رہنے کی پیشگوئی کر دی۔تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے یہ بھی پیشگوئی کی ہے کہ بھارتی معاشی شرح نمو میں 1.3فیصد کمی اور معاشی سست روی عالمی شرح نمو کو بھی متاثر کرے گی۔عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے بھارت میں جاری سماجی بحران کے باعث معاشی شر ح نمو متاثر ہوگی، جبکہ بھارتی شرح نمو میں کمی عالمی معاشی شرح نمو میں بھی کمی کا باعث بنے گی۔آئی ایم ایف کا کہنا ہے رواں سال عالمی معا شی شرح نمو تین اعشاریہ تین فیصد رہے گی جو اکتوبر میں کی گئی پیشگوئی سے کم ہے، جبکہ بھارتی معاشی شرح نمو رواں مالی سال 4.8 فیصد رہے گی۔ خیال رہے اس سے پہلے آئی ایم ایف نے بھارتی معاشی شرح نمو چھ اعشاریہ ایک فیصد رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔پاکستانی معیشت سے متعلق آئی ایم ایف کا کہنا ہے پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.4فی صد رہے گی۔خیال رہے بھارت میں مسلمانوں کیخلاف ا متیازی قوانین کی منظوری کے بعد ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو بدستور جاری ہے، اس احتجاج نے بھارتی معیشت کو شدید دھچکا پہنچایا ہے، نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر اقلیتیں اور خود ہندو برادری بھی اس احتجاج میں بھرپور طور پر شریک ہے۔دوسری طرف مودی سرکار کی ایما پر ریاستی پولیس کی جانب سے مظاہرین بالخصوص یونیورسٹی طلبہ پر بدترین تشدد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

آئی ایم ایف

مزید : صفحہ اول