زرعی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں:نعمان احمد لنگڑیال

زرعی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں:نعمان احمد لنگڑیال

  



لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان ہارٹی ایکسپو2020 زرعی برآمدات میں اضافہ کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہو گی یہ بات وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے ایکسپو سینٹر لاہور میں دو روزہ جاری زرعی نمائش " پاکستان ہارٹی ایکسپو2020 "کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ نمائش میں ایونی سودھائی امری سفیر برائے انڈونیشیا،سردار تنویر الیاس چئیرمین پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ،نوید بھنڈر چئیرمین پامرا،وقار حسین اسپشل سیکرٹری زراعت(مارکیٹنگ)،محبوب عالم ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ایڈمن)،محمد رفیق اختر ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب،شاہد قادر چیف ایڈوئزر میڈیا وزیر زراعت پنجاب سمیت محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران،کمپنیوں کے سی ای اوز،امپورٹرز،ایکسپورٹرز بھی شریک ہوئے۔ اس نمائش کے لئے100سے زائد سٹالز ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن لاہور میں لگائے گئے ہیں جس میں 60 کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں جبکہ 11مختلف ممالک سری لنکا،تاجکستان،جرمنی،بحرین،قطر،دوبئی،سعودی عرب،یوکرائن،انڈونیشیا،پولینڈ اورمصرسے36غیر ملکی وفود اور 3ہزار سے زائد ترقی پسند کاشتکاروں نے بھی اس نمائش میں خصوصی شرکت کی۔وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے اس موقع پرمزید کہا کہ موجودہ حکومت زراعت کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 300ارب روپے کے مختلف منصوبہ جات پر عملدرآمد جاری ہے۔ اس نمائش کے ذریعے پاکستانی ہائی ویلیو ایگریکلچر اور ان سے بنی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی جس سے ان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ پنجاب ایگری ایکسپو2019 کا انعقاد کاشتکاروں اور درآمد و برآمد کنندگان کیلئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو گا۔ سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان ہارٹی ایکسپو2020کے انعقاد سے ہارٹیکلچر کے شعبے سے وابستہ تمام سٹیک ہولڈرز کے لئے بہتر کاروباری اور بزنس ٹو بزنس میٹنگ کے مواقع بھی ہیں۔

اُمید ہے کہ اس نمائش سے عالمی منڈیوں میں پاکستانی زرعی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہوگا جس سے ہماری برآمدات بڑھیں گی اور ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔انھوں نے مزید کہا کہ زرعی برآمدات میں اضافہ کیلئے محکمہ زراعت پنجاب سال میں دو دفعہ بین الاقوامی نمائشوں کا انعقاد کر رہا ہے۔ نمائش کے دوران وزیر زراعت پنجاب نے مختلف بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں بھی کیں۔یہ دو روزہ نمائش کل تک جاری رہے گی

مزید : کامرس