ہمارے گھر جل رہے ہیں، آپ ماحولیاتی تباہی کو ہوادے رہے ہیں: گریٹا تھنبرگ

ہمارے گھر جل رہے ہیں، آپ ماحولیاتی تباہی کو ہوادے رہے ہیں: گریٹا تھنبرگ

  



ڈیووس(آئی این پی)سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کا پچاسواں اجلاس شروع ہوچکا ہے۔ماحولیاتی تبدیلی اور توانائی کے متبادل ذرائع کا استعمال ورلڈ اکنامک فورم کے 50 ویں اجلاس کا اہم اور بنیادی موضوع ہے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں سارا وقت اپنے معاشی اقدامات اور کامیابیاں بتانے میں صرف کیا۔امریکی صدر کے ڈیووس میں خطاب کو ناقدین نے امریکی صدارتی مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔ٹرمپ کے خطاب کے بعد ماحولیاتی تحفظ پر عالمی رہنماؤں کی بے حسی کے خلاف 'گلوبل کلائمٹ اسٹرائیک' کی بانی 17سالہ گریٹا تھنبرگ نے انسداد ماحولیاتی تباہی کے سیشن سے خطاب میں ٹرمپ کا نام لیے بغیر ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے خبردار کیا۔گریٹا تھنبرگ کا کہنا تھا کہ مجھے حیرت ہے کہ آپ لوگ اپنے بچوں پر جانتے بوجھتے ماحولیاتی تباہی مسلط کرنے اور ماحول کے تحفظ میں ناکامی کی وجوہات پر کیا بتائیں گے اور کیسے ان کا سامنا کریں گے۔نوجوان سماجی کارکن کا کہنا تھا کہ کیا صرف اس لیے کہ ماحول کے تحفظ کے اقدامات کی وجہ سے ہماری معیشت کو نقصان ہوگا ہم مستقبل میں رہنے کے لائق ماحول کے خیال سے دستبردار ہوجائیں اور اس کے لیے کوشش بھی نہ کریں۔گریٹا تھنبرگ کا کہنا تھا کہ ہمارے گھر اب بھی جل رہے ہیں اور آپ کے عدم اقدامات ہرلمحہ ان شعلوں کو مزید ہوا دے رہے ہیں،اس لیے ہم آپ کو کہہ رہے کہ اگر آپ اپنے بچوں اور دیگر چیزوں سے محبت کرتے ہیں تو کچھ کریں۔

مزید : علاقائی