عراق، پولیس مظاہرین میں جھڑپیں، 10ہلاک، عراقی صدر نے ٹرمپ سے ملاقات کی تو سنگین نتائج برآمد ہونگے: حزب اللہ

عراق، پولیس مظاہرین میں جھڑپیں، 10ہلاک، عراقی صدر نے ٹرمپ سے ملاقات کی تو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بغداد(آئی این پی)عراق میں انسانی حقوق کے ہائی کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ہونے والے مظاہروں میں کم سے کم 10 مظاہرین ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔انسانی حقوق ہائی کمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چوبیس گھنٹیٹے ملک میں احتجاج کے حوالے سے انتہائی پرتشدد گذرے جن میں ایک درجن کے قریب مظاہرین ہلاک ہوئے ہیں۔ادھرعراقی پولیس نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں کم سے کم 88 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ انسانی حقوق ہائی کمیشن کے مطابق مظاہرین نے بغداد، البصرہ، الناصریہ اور دوسرے بڑے شہروں کو ملانے والی سڑکیں بلاک کر رکھی ہیں۔بغداد میں فضائیہ اسکوائر میں مسلسل تیسرے روز نہ صرف مظاہرین کا دھرنا جاری رہا بلکہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان خون ریز جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔جنوبی شہروں البصرہ، کربلا اور النجف میں بھی حکومت کے خلاف احتجاجی جلوس نکالے گئے۔ مظاہرین نے پولیس پر سنگ باری اور پٹرول بموں سے حملے کئے جب کہ پولیس نے جوابی کارروائی میں مظاہرین پراشک آور گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں چلائیں۔
عراق کی شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ نے صدر برھم صالح کو خبردار کیا ہے کہ اگرانہوں نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تو انہیں بغداد سے نکال باہر کیا جائے گا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عراقی حزب اللہ کی طرف سے'ٹویٹر' پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ ڈیوس کے ورلڈ اکنامک فورم پر صدر برھم صالح کو امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات سے باز رہنا ہو گا۔ اگر انہوں نے ٹرمپ سے ملاقات کی تو ان کے لیے بغداد میں کوئی جائے امان نہیں ہوگی۔ادھر عراقی پارلیمنٹ میں شامل صادقون بلاک کے رکن حسن سالم نے بھی صدر صالح پر امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔خیال رہے کہ عراقی صدر برہم صالح منگل کے روز بین الاقوامی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے ڈیووس پہنچے ہیں۔ قابل ازیں یہ اطلاعات آئی تھیں کی عراق میں جاری داخلی بحران اور مظاہروں کی وجہ سے صدر مملکت اس کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔صدر برھم صالح اس عالمی فورم سے خطاب میں خطے اور عراق کی صورت حال عالمی برادری کے سامنے پیش کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈیوو کانفرنس میں ٹرمپ اور عراقی صدر برھم صالح کے درمیان بھی ملاقات طے ہے۔

مزید :

علاقائی -