کمیونٹی پولیسنگ کی اعلیٰ مثال قائم،بے آسرا خاتون اولڈ ایج ہوم" عافیت "منتقل

کمیونٹی پولیسنگ کی اعلیٰ مثال قائم،بے آسرا خاتون اولڈ ایج ہوم" عافیت "منتقل

  



لاہور(کر ائم رپو رٹر) لاہور پولیس نے کمیونٹی پولیسنگ کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے بے آسرا خاتون کو اولڈ ایج ہوم" عافیت "میں داخل کروا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے سوشل میڈیا پر بے آسرا ردی چننے والی خاتون شہزادی غزالہ کی ویڈیو وائرل ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کرار حسین کو خاتون کو ٹریس کرنے کی ہدایت کی۔ وائر ل ویڈیو میں این جی او ''شعور'' کی ڈاکٹر شاہدہ نعمانی نے بے آسرا خاتون شہزادی غزالہ کی مدد کیلئے اداروں سے اپیل کی تھی۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات کی روشنی میں پولیس لائنز قلعہ گجرسنگھ میں تعینات انسپکٹر غزالہ شریف نے ایس ایچ او ٹاؤن شپ ابرار حیدر شاہ کے ہمراہ بے آسرا خاتون کو ٹریس کرلیا۔ شہزادی غزالہ نامی خاتون کو شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے کوئی بھی فلاحی ادارہ پناہ دینے کو تیار نہ تھا۔ لاہور پولیس نے بے آسرا خاتون کی ذمہ داری اٹھائی اور انہیں اولڈ ایج ہوم ''عافیت '' میں داخل کروا دیا۔ پچاس سالہ شہزادی غزا لہ کا 20سالہ بیٹا جرائم پیشہ سرگرمیوں کی وجہ سے جیل میں ہے۔ خاتون گلی محلوں میں ردی اکٹھی کرکے گزارہ کرتی اور مختلف جگہوں پر عارضی رہائش اختیار کرتی تھی۔ شہزادی غزالہ نے لاہور پولیس کوادارہ ''عافیت'' میں داخلہ یقینی بنانے پر ڈھیروں دعائیں دیں۔

مزید : علاقائی