عمران، ٹرمپ ملاقات مفید رہی، امریکہ صدر جلد پاکستان آئینگے: وزیر خارجہ

  عمران، ٹرمپ ملاقات مفید رہی، امریکہ صدر جلد پاکستان آئینگے: وزیر خارجہ

  



ڈیووس،اسلام آ باد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔وزیراعظم عمران خان کے دورہ ڈیووس سے متعلق بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ سے ایک گھنٹے کی ملاقات مفید رہی، میں بھی ملاقات میں موجود تھا۔انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ سے بہت اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ سے ملاقات میں ایف اے ٹی ایف سمیت اہم ایشوز اٹھائے اور ان سے سپورٹ کا کہا، وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو ٹریول ایڈوائزری میں بہتری کا بھی کہا۔ان کا کہنا تھا وزیراعظم اور صدر ٹرمپ کی ملاقات میں تجارت سے متعلق امور پر بھی بات ہوئی، ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ امریکا کا ایک تجارتی وفد پاکستان آئے گا۔مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم نے کشمیر کی صورت حال کا خاکہ صدر ٹرمپ کے سامنے رکھا، صدر ٹرمپ نے کہا کہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش ہے، انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر بات کریں گے، صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہیے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ملاقات میں امریکی صدر کا کہنا تھا میں عمران خان کو پسند کرتا ہوں اور ان پر اعتماد کرتا ہوں، صدر ٹرمپ نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو ایران کے معاملے پر تشویش سے آگاہ کیا، ایران کے مسئلے سے جو مضر اثرات پاکستان پر پڑتے ہیں ان پر ٹرمپ سے بات ہوئی۔ صدر ٹرمپ سے افغانستان کے مسئلے امن عمل کو آگے بڑھانے پر بھی بات ہوئی۔دوسری طرف وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا،،وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ برطانوی حکومت 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور مسئلہ ء کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے،وزیر خارجہ نے "افغان امن عمل " کے سلسلے میں، پاکستان کی طرف سے کی جانے والی مصالحانہ کوششوں سے بھی برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب کو اپنی اولین فرست میں دورہ ء پاکستان کی دعوت دی۔

وزیرخارجہ

مزید : صفحہ اول