چینی کی قیمت میں بلا جواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا: عثما ن بزدار

  چینی کی قیمت میں بلا جواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا: عثما ن ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چینی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا۔ پنجاب حکومت چینی کی قیمت میں استحکام کیلئے ہرممکن اقدام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے اور مجھے صوبے کے عوام کا مفادبے حد عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو من مانی نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چینی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ روکنے کیلئے ہر آپشن استعمال کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ خوراک،صنعت اورزراعت مربوط کوآرڈینیشن کے تحت چینی کے نرخوں میں استحکام کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کی پرواہ نہیں، صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر اقدام کیا جائے گا۔پنجاب میں چینی کی کوئی قلت نہیں، طلب سے زائد ذخائر موجود ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر بلوچستان گئے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے استقبال کیا،اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی،ایم پی اے لالہ رشید دشتی، عبدالروف رند اور دیگر بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے سرکٹ ہاؤس تربت میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے اعزاز میں تقریب کاانعقاد کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان نے بلوچستان کی روایتی پگڑی پہنائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے بلوچی زبان میں خطاب کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ تربت آکر انتہائی خوشی محسوس کررہا ہوں،بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان کے ساتھ مل کر بلوچستان کی ترقی کیلئے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں چاروں صوبوں کی ثقافتی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لئے بہت جلد پروگرام کا انعقاد کیاجائے گا جس سے بین الصوبائی روابط میں اضافہ اورثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا دورہ تربت تاریخی اہمیت کا حامل ہے،صوبہ پنجاب اور بلوچستان کے درمیان برادرانہ تعلقات میں اضافہ ہوگا۔صوبائی وزیر خزانہ بلوچستان میر ظہور احمد بلیدی نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کا دورہ تربت ہمارے لیے باعث عزت اور اعزاز کا مقام ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مکران ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں، حالیہ بارشوں و برفباری سے ہونے والے نقصانات اور امداد و بحالی کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار او روزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے برفباری اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بعدازاں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان گوادر پہنچے -وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گوادر پورٹ کا دورہ کیا،جہاں انہیں گوادرسمارٹ سٹی اور گوادرماسٹر پلان پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نئے پاکستان میں گوادر ترقی کی نئی منازل طے کرے گا،گوادر پورٹ کی فعالیت سے تجارت کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔وزیراعلیٰ کوبریفنگ کے دوران بتا یا گیا کہ گوادرکے ماسٹر پلان پر عمل درآمدشروع کر دیا گیاہے اورسی پیک میں شامل تمام منصوبوں کو تیزی سے تکمیل کیا جا رہا ہے،گوادرکا انٹرنیشنل ائرپورٹ 2022 میں مکمل ہو جائے گا۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور ایل پی جی کارگو ہینڈلنگ سے گوادر پورٹ پر جہازوں کی آمدو رفت کا سلسلہ جاری ہے

سردار عثمان بزدار

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ناراض ارکان پنجاب اسمبلی کوآج ملاقات کیلئے بلالیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں ارکان اپنے مطالبات اور تحفظات سے آگاہ کریں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں ناراض گروپ کے رکن غضنفر عباس چھینہ نے کہا کہ ان سب کی خواہش ہے کہ وزیراعلیٰ بااختیار ہوں، ان کا اعتراض ہے کہ جو کام چیف سیکرٹری کے کہنے پر ہوجاتا ہے وہ ان کی درخواست پرکیوں نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ گروپ میں مزید دوست بھی شامل ہونا چاہتے ہیں، ہم اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبے اور پیکیج چاہتے ہیں، عوام کے مسائل اور ایوان کی بالادستی کیلئے آواز بلند کررہے ہیں۔نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے ناراض گروپ نے اپنے معاملات میں بہتری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو فروری تک کا وقت دے رکھا ہے۔ناراض گروپ میں سردار شہاب الدین، ملک غضنفر چھینہ، تیمور لالی، مامون تارڑ، فیصل فاروق چیمہ، اعجاز خان،گلریز افضل چن،کرنل غضنفر عباس، خواجہ داؤد بندیشہ، محی الدین کھوسہ اور عامر عنایت شہوانی سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔

ناراض ارکان طلب

مزید : صفحہ اول