حکومت کھانے کی بجائے عوام پر لگانے کی پالیسی پر عمل پیرا،فیاض چوہان

    حکومت کھانے کی بجائے عوام پر لگانے کی پالیسی پر عمل پیرا،فیاض چوہان

  



لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جس مہارت اور مستعدی سے گزشتہ ڈیڑھ سال میں اپنی انتظامی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اسکی مثال نہیں ملتی،بزدار حکومت نے اس قلیل مدت میں نہ صرف ریکارڈ قانون سازی کی بلکہ خزانے اور ووٹ کی امانت کا حق ادا کرتے ہوئے رفاہ عامہ اور ترقیاتی کاموں کو بھی سرانجام دیا۔ ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے ڈی جی پی آر میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دورِ حکومت میں شوباز شریف نے عوام کی امانت پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے 55 ارب روپے اپنی ذاتی تشہیر پر صرف کر دیئے۔بزدار حکومت نے صرف رمضان بازاروں کو دی جانے والی سبسڈی سے گزشتہ سال سوا سات سو کروڑ روپے کی بچت کی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ موجودہ حکومت مل جل کر کھانے کی بجائے عوام پر لگانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو کہ حکومت مخالف عناصر کو ہضم نہیں ہو رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کسی کو بلیک میلنگ اور مفاد پرستی کی سیاست کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت کی کہ وہ حکومت پر عوام کا اعتماد بحال کرنے اور میڈیا کے ذریعے حقائق سامنے لانے پر کام کریں تا کہ عام آدمی کو اسکا جائز حق پہنچایا جا سکے۔

فیاض الحسن چوہان

مزید : صفحہ اول