پی آئی اے کو پاکستان سے امریکہ کیلئے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی

  پی آئی اے کو پاکستان سے امریکہ کیلئے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی

  



اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے)طویل مدت کے بعد امریکہ کے لیے براہ راست پرواز کا آغاز کرے گی،پاکستان سے ابتدا میں نیویارک کے لیے ہفتے میں تین پروازیں چلائی جائیں گی جن کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان سے براہ راست امریکہ کی پرواز کے لیے امریکی حکام سے گزشتہ 2سالوں سے مذاکرات جاری تھے جو اب کامیاب ہوگئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ امریکی انتظامیہ نے مئی سے امریکہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے عملے نے اس ضمن میں پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا جب کہ امریکہ کی ٹرانسپورٹ سیکیورٹی اتھارٹی نے گزشتہ مارچ میں بھی کراچی اور اسلام آباد سے براہ راست پروازوں کے سلسلے میں پی آئی اے کے فلیٹ اور ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی کے انتظامات کا آڈٹ کیا تھا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق آئندہ اپریل سے امریکہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی اطلاعات تھیں تاہم اب امریکی اداروں نے مئی سے امریکہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ابتدا میں نیویارک کے لیے ہفتے میں 3 پروازیں چلائی جائیں گی جن کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔

مزید : صفحہ آخر