پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں: ہالینڈ

    پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں: ہالینڈ

  



ڈیووس(آئی این پی) ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہالینڈ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے، پاکستان میں عوامی فلاح کے طور پر ڈیجیٹل شناخت کا فروغ ضروری ہے، ڈیجیٹل پاکستان ملکی بہتری اور صنفی تقسیم کی کمی میں مددگار ہوگا۔تفصیلات کے مطابق ڈیووس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ایدروس اور ہالینڈ کی ملکہ میکسیما میں ملاقات ہوئی، جس میں ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ملکہ میکسیما نے ڈیجیٹل شعبے میں پاکستان کی مدد کے بھرپور عزم کا اظہار کیا، انہوں نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کی یادیں بھی تازہ کیں اور دورے کا خصوصی ذکر کیا، انہوں نے کہا کہ ہالینڈ پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔ملکہ میکسیما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عوامی فلاح کے طور پر ڈیجیٹل شناخت کا فروغ ضروری ہے، ڈیجیٹل پاکستان ملکی بہتری اور صنفی تقسیم کی کمی میں مددگار ہوگا۔ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ایدروس نے کہا کہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں انقلابی منصوبہ شروع کیا گیا ہے، ملک میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔

مزید : صفحہ آخر