کچی آبادیوں میں ضروری سہولیات کو یقینی بنایا جارہا ہے، مرتضی بلوچ

      کچی آبادیوں میں ضروری سہولیات کو یقینی بنایا جارہا ہے، مرتضی بلوچ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر برائے انسانی بستیوں اور خصوصی ترقی غلام مرتضی بلوچ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کچی آبادیوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جیسے میرپورخاص، ٹھٹھہ، شہید بینظیر آباد، این فیروز اور کراچی میں کچی آبادیوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقیاتی اسکیمیں چلائی جارہی ہیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سکریٹری انسانی بستیوں اور خصوصی ترقی بقا اللہ انڑ اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کچی آبادیوں میں سیوریج نظام، نالیوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ لیز کی مد میں 63.488 ملین کی وصولی کی گئی جبکہ سرکاری گرانٹ روپے 130 ملین روپے تھی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیر برائے انسانی بستیوں اور خصوصی ترقی غلام مرتضی بلوچ نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ محصولات کی وصولیوں کو بہتر بنائیں اور اس معاملے کی طرف توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کچی آبادی میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ لوگ وہاں بہتر زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ عملے کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور عملے کے دیگر مسائل بھی حل کیے جائیں گے۔