سینیٹ کمیٹی کا مسلسل 3اجلاسوں میں عدم شرکت پر چیئر مین پی سی بی کو نوٹس جاری

سینیٹ کمیٹی کا مسلسل 3اجلاسوں میں عدم شرکت پر چیئر مین پی سی بی کو نوٹس جاری

  



اسلام آباد(آئی این پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے مسلسل3 اجلاسوں میں عدم شرکت پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو نوٹس جاری کر دیااور ہدایت کی کہ اگر آئندہ اجلاس میں انھوں نے شرکت نہ کی تو معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھیجا جائے گا،ی نے احتجاجاً اجلاس موخر کر دیا۔چیئرمین کمیٹی سردار محمد یعقوب خان ناصر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی گزشتہ 3 اجلاسوں سے غیر حاضر ہیں اور آج بنگلہ دیش کی ٹیم کی آمد کا بہانہ بنا کرجو کہ رات کو پاکستان آنی ہے پارلیمنٹ کی کمیٹی کو نظر انداز کیا،پی سی بی کو چیئرمین کو آخری موقع دے رہے ہیں،آئندہ اجلاس میں شرکت نہ کی تو معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھیج دیں گئے۔بدھ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس چیئرمین سینیٹر سردارمحمد یعقوب خان کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا،اجلاس میں کمیٹی ارکان سینیٹرز عابدہ محمد عظیم، فیصل جاوید اور محمد عثمان خان کاکڑ کے علاوہ اسپیشل سیکرٹریوزارت بین الصوبائی رابطہ،سپورٹس بورڈ و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نئے ڈومیسٹک سٹرکچر اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے حوالے سے بریفنگ دی جانی تھی۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ کی کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت اور ورکنگ پیپرز کی عدم فراہمی پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی سردار محمد یعقوب خان ناصر نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی گزشتہ تین اجلاسوں سے غیر حاضر ہیں اور آج بنگلہ دیش کی ٹیم کی آمد کا بہانہ بنا کرجو کہ رات کو پاکستان آنی ہے پارلیمنٹ کی کمیٹی کو نظر انداز کیا گیا ہے،ٹھیک ہے باقی معاملات دیکھیں لیکن احسان مانی یہاں بھی تو آئیں،تھوڑا وقت یہاں بھی دینا چاہیے،وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزانے بھی اجلاس میں آنے سے معذرت کی ہے کہا میری طبیعت ٹھیک نہیں، مجھے فلو ہے،مسلسل تیسری میٹنگ ہے ایجنڈا موخر کرتے آ رہے ہیں،کمیٹی رکن سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہبنگلہ دیش ٹیم انٹرنیشنل سیریز کے لیے آ رہی ہے جبکہ ایجنڈا ڈومیسٹک کرکٹ کا ہے اس پر بھی نہیں آتے،ہمیں مسلسل تیسرے اجلاس میں ڈومیسٹک سٹرکچر پر بریفنگ نہیں دی جارہی،آگے ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ میچز پر بھی میٹنگ کرنی ہے۔اجلاس میں ارکان کمیٹی نے چئیرمین پی سی بی کی عدم شرکت پراحتجاجا ایجنڈا موخر کرنے اور چیئرمین پی سی بی کو نوٹس بھیجنے کی تجویز دی۔کمیٹی نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشیدکو نوٹس جاری کر دیا اور ہدایت کی کہ اگر آئندہ اجلاس میں انھوں نے شرکت نہ کی تو معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔ قائمہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ قائمہ کمیٹی کی مزید کاروائی احتجاجا موخر کرتے ہیں اور چیئرمین سینیٹ کو صورتحال سے آگاہ کیا جائیگا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی